Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ٹیم میں کوئی گروپ بندی نہیں:شعیب ملک

ٹیم میں کوئی گروپ بندی نہیں:شعیب ملک

موہالی ۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اس بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے کہ وہ کپتان بننے کے لئے گروپ بندی کرتے ہیں۔ شعیب ملک نے اپنے بار ے میں کہا کہ اگر ایسی بات ہوتی تو وہ پی ایس ایل میں کپتانی کیوں چھوڑتے؟ نوجوان کرکٹرز کے لئے ٹسٹ کرکٹ کو کیوں الوداع کہتے؟ انھوں نے کہا کہ گروپ بندی کی خبروں سے ٹیم نہیں بن پارہی ہے اور اس میں مستقل مزاجی نہیں آرہی۔ کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے اور تبدیلیاں شروع ہوجاتی ہیں اور یہ اسی وقت ہوتا ہے جب ٹیم ہارتی ہے۔ شعیب ملک نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیم 2009 میں ورلڈ کپ  جیتنے والی ٹیم سے مہارت کے لحاظ سے بہتر ہے ، 2009 کی ٹیم پروفیشنلزم کے اعتبار سے بہتر تھی۔ شعیب ملک نے یہ انکشاف بھی کیا کہ  2009 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی حالت یہ تھی کہ اس کے چھ کھلاڑیوں کے درمیان بات چیت بند تھی اس کے باوجود اس نے ورلڈ کپ جیتا۔ شعیب ملک نے مزید کہا کہ وہ شاہد آفریدی کی اتنی ہی عزت کرتے ہیں جتنی انھوں نے انضمام الحق، وسیم اکرم اور وقاریونس کی ہے۔ یہ بات سب کو اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ شاہد آفریدی کا آخری عالمی ایونٹ ہے لہذا انھیں بہت زیادہ خوشی ہوگی کہ اگر پاکستانی ٹیم یہ ورلڈ ایونٹ شاہد آفریدی کے لئے جیتے۔شعیب ملک نے ٹوئنٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی بتدریج نیچے گرتی ہوئی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ دوسرے ملکوں میں ہونے والی لیگ سے ان کو فائدہ ہوا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو متعدد شعبوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے لیکن یہ اتنی بھی بری نہیں ہے جتنی دنیا کے سامنے پیش کی جارہی ہے۔پاکستانی ٹیم میں صرف اورصرف مستقل مزاجی کی کمی ہے۔شعیب ملک یہ ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں کہ پاکستانی ٹیم پرانے انداز کی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیل رہی ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو ٹیم چھ اوورز میں 67 رنز کیسے اسکور کرلیتی؟ ٹیم میں اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کی کمی ہے۔ ہم سنگل رن نہیں لیتے۔

TOPPOPULARRECENT