Friday , August 18 2017
Home / دنیا / ٹیوب اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرنے والے پر فردِ جرم عائد

ٹیوب اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرنے والے پر فردِ جرم عائد

لندن ۔ 7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی دارالحکومت لندن میں پولیس نے ٹیوب اسٹیشن پر چاقو کے وار کر کے ایک شخص کو زخمی کرنے والے ملزم پر قتل کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام شہر کے مشرقی علاقے لیٹن سٹون میں پیش آیا تھا۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا ہے کہ مشرقی لندن میں سیمسن روڈ کے رہائشی 29 سالہ محی الدین مائر پر فرد جرم عائد کی گئی ہے اور انھیں ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ چاقو زنی کے اس واقعے میں ایک 56 سالہ شخص شدید زخمی ہوا تھا جبکہ ایک دوسرے شخص کو معمولی زخم آئے تھے۔ حملے کے بعد برطانوی پولیس نے کہا تھا کہ وہ اس حملے کو ’دہشت گردی کے واقعے‘ کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ حملہ آور نے مبینہ طور پر عام لوگوں کو زخمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ’شام کے خلاف کارروائی کا جواب ہے۔‘ میٹرو پولیٹن پولیس میں انسدادِ دہشت گردی کے شعبے سے وابستہ سراغ رساں اہلکار اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اتوار کو پولیس نے یہ اعلان جاری کیا تھا کہ جس کسی نے حملے کی ویڈیو بنائی ہے یا تصویر لی ہے وہ سنٹرل لائن سٹیشن پر ان سے رابطہ کریں۔

TOPPOPULARRECENT