Friday , March 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹیچرس کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن : کے ٹی آر

ٹیچرس کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن : کے ٹی آر

کرنسی کی منسوخی پر ناراضگی، وزیر آئی ٹی کا پی آر ٹی یو کونسل اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 12 نومبر (سیاست نیوز) وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و میونسپل ایڈمنسٹریشن مسٹر کے ٹی راماراؤ نے اساتذہ کو اس بات کا واضح تیقن دیا کہ وہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے بات چیت کے ذریعہ اساتذہ کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کروائیں گے۔ آج یہاں ضلع رنگاریڈی کے جلیل گوڑہ میں منعقدہ پروگریسیو ریکگنائزڈ ٹیچرس یونین (پی آر ٹی یو) کے کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اساتذہ کے تمام مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد میں بھی ٹیچرس نے مسٹر چندرشیکھر راؤ کا بھرپور ساتھ دیا تھا جس کی روشنی میں چندرشیکھر راؤ ٹیچرس کو نظرانداز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔ وزیر موصوف نے کہاکہ اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی کیلئے صرف ارکان کونسل حلقہ ٹیچرس (ٹیچر ایم ایل ایز) ہی نہیں بلکہ وہ خود بھی آگے رہیں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اساتذہ کیلئے ہیلت کارڈز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملازمین اساتذہ وغیرہ کو ہیلت کارڈز فراہم کرنے کی پابند ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اساتذہ کیلئے مرحلہ وار اساس پر ہیلت کارڈز فراہم کئے جائیں گے۔ وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی و بلدی نظم و نسق نے بالواسطہ طور پر 1000 اور 500 کے نوٹوں کو اچانک منسوخ کردیئے جانے پر وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 1000 اور 500 روپئے کے نوٹوں کو منسوخ کرکے بڑے پیمانے پر عوام میں سنسنی و بے چینی کے ساتھ ساتھ پریشان کن صورتحال پیدا کردی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نریندر مودی کے اس اقدام کی وجہ سے آج ریاست تلنگانہ میں محکمہ رجسٹریشن کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی مکمل طور پر رک گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں کو منسوخ کرنے سے پیدا شدہ صورتحال عارضی ضرور ہوگی لیکن ہر ایک کیلئے یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ اور صبرآزما ثابت ہورہی ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ حکومت بھی ایک خاندان کی مانند ہوتی ہے اور خاندان کو بھی ذرائع آمدنی کی ضرورت ہے اور حکومت کو جتنی زیادہ آمدنی حاصل ہوگی حکومت اتنی ہی زیادہ عوام کیلئے فلاح و بہبودی پروگراموں کو روبہ عمل لائے گی۔ اس موقع پر پی آر ٹی یو کے ریاستی قائدین ارکان کونسل و دیگر کثیر تعداد میں موجود تھے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT