Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / ٹیکساس میں چھ بچوں سمیت آٹھ افراد کا قتل

ٹیکساس میں چھ بچوں سمیت آٹھ افراد کا قتل

ٹیکساس (یوایس) ۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک مکان سے چھ بچوں سمیت آٹھ افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ ان افراد کو سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ فائرنگ کا تبادلہ اْس وقت شروع ہوا جب ہفتہ کو پولیس نے ہیوسٹن کے علاقے میں ایک مکان میں بچے کی لاش دیکھ کر داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ مذاکرات کے بعد اْس شخص نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ ملزم ڈیوڈ کونلی کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہیرس کاؤنٹی کی مقامی پولیس کے مطابق رات نو بجے کے قریب پولیس کی جانب سے کیے جانے والے ’مکان کے ایک فلاحی معائنے‘ کے نتیجے میں نعشیں برآمد ہوئی تھیں۔ پولیس کی جانب سے مکان کے اندر داخل ہونے کی کوشش پر مکان کے اندر سے ایک شخص نے فائرنگ شروع کردی تھی۔ نعشوں کو شناخت کر لیا گیا ہے۔ ان میں 50 سالہ ڈیوین جیکسن، ان کی اہلیہ 40 سالہ ویلری جیکسن اور بچے، 13 سالہ نتھینیئل، دس سالہ ڈیوین، 11 سالہ اونسٹی، نو سالہ کیلِب، سات سالہ ٹرینِیٹی، اور چھ سالہ جونا شامل ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ نتھینیل 48 سالہ کونلی اور ویلری جیکسن کا بیٹا تھا۔ مقامی پولیس کے نائب سربراہ ٹم کینن نے بتایا کہ ’ ہم یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ وہ کیا محرکات ہو سکتے ہیں جن کی بنا پر کوئی شخص اتنی معصوم جانیں لے سکتا ہے خاص طورپر بچوں کی۔‘ ’بظاہر قاتل اور ویلری کے درمیان تنازعہ ان ہلاکتوں کا محرک بنا۔‘ کونلی بغیر ضمانت اس وقت حراست میں ہے۔

TOPPOPULARRECENT