Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس اقتدار میںپسماندہ قبائل نظر انداز

ٹی آر ایس اقتدار میںپسماندہ قبائل نظر انداز

حکومت نے تمام انتخابی وعدے فراموش کردئے :صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی
کھمم 8 مئی ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے آج کہا کہ پسماندہ قبائل کی فلاح و بہبود کے تعلق سے ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیاں درست نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے پسماندہ طبقات سے جو وعدے کئے تھے اس کی پالیسیاں ان وعدوں کے مغائر ہیں۔ انہوں نے ریاستی حکومت پر قبائلی عوام کو نظر انداز کردینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جب تک پسماندہ طبقات کو زندگی کے ہرشعبہ میں با اختیار نہیں بنایا جاتا اس وقت تک نئی ریاست کا قیام فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کانگریس امیدوار سچاریتا ریڈی کی تائید میں کھمم رورل میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے قبائلی عوام سے انتخابات سے قبل جتنے بھی وعدے کئے تھے ان تمام کو فراموش کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر آنے سے قبل ٹی آر ایس نے قبائلی عوام کو تین ایکڑ اراضی ‘ روزگار ‘ تجارت اور قبائلی یونیورسٹی کے قیام کا تیقن دیا تھا ۔ اس کے علاوہ تانڈوں کو گرام پنچایت میں تبدیل کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ایس سی ایس ٹی سب پلان پر موثر عمل آوری کا وعدہ بھی کیا تھا تاہم ٹی آر ایس کے اقتدار پر آنے کے بعد سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ایس سی ایس ٹی سب پلان میں جو رقومات مختص کی گئی ہیں ان کا نصف بھی حکومت نے خرچ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ٹی آر ایس حکومت سیاسی مخالفین پر الزام تراشیاں کرتے ہوئے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی پر توجہ دینے کی بجائے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ خاص طور پر اپنے اقتدار کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور دوسری جماعتوںمیں انحراف کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT