Tuesday , October 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس اقلیتی قائد کو دھمکی کی تحقیقات کا مطالبہ

ٹی آر ایس اقلیتی قائد کو دھمکی کی تحقیقات کا مطالبہ

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا کمشنر سائبرآباد سے ربط
حیدرآباد۔/26ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کمشنر سائبرآباد اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے اقلیتی قائد عبدالمقیت چندا کو دھمکی آمیز ٹیلی فون کال کے معاملہ کی جانچ اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ اقلیتی سیل کے اسٹیٹ جنرل سکریٹری عبدالمقیت چندا کو کل نامعلوم شخص نے ٹیلی فون پر دھمکی دی اور سیاسی سرگرمیوں سے دستبرداری اختیار نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ اس سلسلہ میں میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی اور ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ پولیس اسٹیشن سے متصل پبلک ٹیلی فون بوتھ سے یہ فون کیا گیا تھا۔ ٹی آر ایس قائد کا مکان اسی علاقہ میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تین دن قبل اس علاقہ سے ایک کمسن لڑکے کا اغواء کیا گیا تھا اور اغواء کنندگان کا نشانہ دراصل ٹی آر ایس قائد کا لڑکا تھا۔ دھمکی آمیز ٹیلی فون کال کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر نے کمشنر سائبرآباد سی وی آنند سے ربط قائم کرتے ہوئے خاطیوں کا پتہ چلانے اور سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس سی سی کیمروں کے ریکارڈ کے مطابق دھمکی دینے والوں کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT