Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس اور بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے خلاف احتجاج

ٹی آر ایس اور بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کے خلاف احتجاج

یکم جون کو سنگاریڈی میں پرجا گرجنا ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی ناکامی کے خلاف یکم جون کو سنگاریڈی میں پرجاگرجنا کے نام سے ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی شرکت کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر سنہرے خواب دیکھاتے ہوئے تلنگانہ میں کے سی آر اور مرکز میں نریندر مودی نے اقتدار حاصل کیا ہے تاہم ٹی آر ایس اور بی جے پی کے زیر قیادت حکومتوں کی تین سالہ کارکردگی مایوس کن ہے کے سی آر اور مودی پر سے عوام کا بھروسہ اُٹھ گیا ہے اور سماج کے تمام طبقات دونوں حکومتوں کی کارکردگی سے بدظن ہوگئے ہیں ۔ تین سال کے دوران اچھے دن صرف کے سی آر کے ارکان خاندان اور بی جے پی خاندان کے آئے ہیں عام اور غریب عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور نہ ہی خوشحالی آئی ہے ۔ انتخابی منشور سے کئے جانے والے وعدوں کی تکمیل میں کے سی آر اور مودی دونوں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں طلبہ و نوجوانوں کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ تاہم حکومت بیروزگاری کو دور کرنے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ یکمشت میں قرض معاف کرنے کے بجائے اقساط میں قرض معاف کیا گیا جس سے سود کا بوجھ کسانوں پر عائد ہوگیا ۔ فصلوں کو اقل ترین قیمت وصول نہ ہونے پر کسان خود کشی کررہے ہیں اور ٹی ار ایس حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے اس پر افسوس کا اظہار بھی نہیں کیا اور وزراء نے خود کشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو پرسہ دینا بھی گوارا نہیں کیا ۔ ریاست میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں ہورہی ہیں ۔ ٹی آر ایس بدعنوانیوں اور گھمنڈ و تکبر کی ریاست میں ٹریڈ مارک بن گئی ہے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے آشکار کرنے کے لیے یکم جون کو سنگاریڈی میں پرجاگرجنا کے نام سے ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ۔ جس میں ریاست کے ہر گاوں سے عوام رضاکارانہ طور پر شرکت کریں گے ۔ پرجا گرجنا میں آل انڈیا کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی شرکت کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کسانوں کی خود کشی کے معاملے میں ریاست تلنگانہ کو سارے ملک میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ کسانوں کی جانب سے تیار کردہ فصلوں کو اقل ترین قیمت وصول نہیں ہورہی ہے ۔ خواتین کی سیلف ہیلپ گروپس کو حکومت کی جانب سے کوئی تعاون نہیں مل رہا ہے ۔ حصول اراضی کے نئے قانون کو کانگریس پارٹی سپریم کورٹ میں چیلنج کرے گی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یکم جون کو حیدرآباد پہونچنے والے راہول گاندھی کو گاڑیوں کے قافلے میں سنگاریڈی پہونچایا جائے گا ۔ سڑک کے دونوں اطراف بڑے بڑے کٹ آوٹس اور بیانرس لگاتے ہوئے خیر مقدم کیا جائے گا ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT