Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت طلبا کو مجرمین کے طور پر پیش کر رہی ہے

ٹی آر ایس حکومت طلبا کو مجرمین کے طور پر پیش کر رہی ہے

جھوٹے مقدمات سے طلبا کی جدوجہد کو کچلا نہیں جاسکتا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 25 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ دلتوں ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی طلبا کو مجرمین کے طورپر پیش کر رہی ہے ۔ چرلہ پلی جیل میں پارٹی کے چیف ترجمان ڈی سراون اور این ایس یو آئی کے ریاستی صدر وینکٹ کے ساتھ دورہ کرنے اور طلبا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کار ریڈی نے ٹی آر ایس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اس نے طلبا برادری اور فیکلٹی ارکان کے ساتھ بھی نازیبا رویہ اختیار کیا ہے ۔ طلبا نے سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد میں وائس چانسلر اپا راؤ کی رخصت سے واپسی پر احتجاج کیا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی مظالم کیس کے ملزم اپا راؤ کو جیل بھیجنے کی بجائے ٹی آر ایس حکومت نے معصوم طلبا کو نشانہ بنایا ہے جو پرامن طور پر احتجاج کر رہے تھے ۔ ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں اور انہیں پولیس ویانس میں تک پیٹا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ انتہائی ناقابل برداشت ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے مرکز کی بی جے پی حکومت اور ریاستی کی ٹی آر ایس حکومت کو یونیورسٹی آف حیدرآباد کی موجودہ صورتحال کیلئے ذمہ دار قرار دیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آیا دلت ریسرچ اسکالر روہت ویمولہ کے کی خود کشی کے خلاف احتجاج کرنا کیا جرم ہے ؟ ۔ کیا یہ غلط ہے کہ تعلیمی اداروں میں امتیازی سلوک کے خلاف روہت قانون کا مطالبہ کیا جائے ؟ ۔ کیا یہ غلط ہے کہ اپا راؤ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جائے جن کے خلاف ناقابل ضمانت جرم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبا کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ان طلبا اور فیکلٹی ارکان کو 21 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کے موقف کا پتہ چل گیا ہے کہ وہ دلت طلبا کے ساتھ مجرمین جیسا رویہ اختیار کر رہی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ جھوٹے مقدمات سے طلبا کو جمہوری جدوجہد سے روکا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں قانون اپنا کام کریگا ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ٹی آر ایس حکومت طلبا کو جھوٹے مقدمات میں پھانسنے سے گریز کرے اور اپا راؤ کو فوری گرفتار کیا جائے ۔

TOPPOPULARRECENT