Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت میں تلنگانہ مقروض : تلگو دیشم

ٹی آر ایس حکومت میں تلنگانہ مقروض : تلگو دیشم

حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے ریاست میں ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کے حدف ملامت بنایا اور کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت میں ریاست تلنگانہ بھاری قرضوں کے بوجھ سے دوچار ہورہی ہے اور عوام سے کیے گئے کسی ایک وعدے یا تیقن کو پورا کرنے سے بالکلیہ طور پر قاصر رہی ۔ آج یہاں اندرا پارک کے پاس عوام کو درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگو دیشم پارٹی کے زیر اہتمام منظم کردہ احتجاجی دھرنا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ حکومت نے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا متعدد مرتبہ اعلان کرتے ہوئے بھی آج تک کسی غریب آدمی کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم نہیں کئے گئے بلکہ ایک دو مقامات سے چند ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کروا کر فراہم کر کے ریاست تلنگانہ عوام کے ساتھ نہ صرف دھوکہ کیا بلکہ تلنگانہ عوام کی توہین کی ۔ انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ سڑکوں پر گہرے گڑھے پڑ جانے کے باوجود تلنگانہ حکومت پر عوام کی تکالیف کا کوئی اثر دکھائی نہیں دیتا ہے ۔ لہذا اب حکومت کو دبانے و جھکانے کا وقت آچکا ہے ۔ اس طرح تلنگانہ عوام مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کو جھکانے کا تہیہ کرلیا ہے ۔ مسٹر ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے کہا کہ عوامی مسائل کے معاملہ میں تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی اب خاموش تماشائی بنے نہیں رہے گی ۔ بلکہ تلنگانہ حکومت کو عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے مجبور کردیا جائے گا ۔ اس دھرنا پروگرام سے تلگو دیشم پارٹی کے کئی قائدین نے خطاب کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT