Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت کی اسکیموں کی قومی سطح پر زبردست ستائش

ٹی آر ایس حکومت کی اسکیموں کی قومی سطح پر زبردست ستائش

دیگر ریاستوں میں بھی دلچسپی کا اظہار ، مختلف چیف منسٹرس کے سی آر کی تقلید کے خواہاں
حیدرآباد۔ 20 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت کے شروع کردہ پروگرامس و اسکیموں کی قومی سطح پر زبردست ستائش کی جارہی ہے اور ان اسکیموں کو قومی سطح پر مقبولیت مل رہی ہے۔ آج یہاں تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بجٹ پر ہوئے مباحث کا جواب دیتے ہوئے وزیر فینانس مسٹر ای راجندر نے مذکورہ بالا بات کہی اور بتایا کہ حکومت کی اسکیموں، مشن بھگیرتا اور ڈبل بیڈروم مکانات جیسی اسکیموں کو کوئی ایک ریاستوں میں مثالی اسکیموں کے طور پر لی جارہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ان اسکیموں کے سلسلے میں قومی سطح پر چیف منسٹر اور وزراء نے ایوارڈز بھی حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ ہمیشہ تخمینہ رقومات پر ہی ہوتا ہے اور خانگی کمپنیوں کے بجٹ وغیرہ کی طرح نہیں ہوتا ہے جبکہ حکومت تلنگانہ نے عوام کی فلاح و بہبود ہی کو اپنا اہم مقصد بناتے ہوئے اس مرتبہ تلنگانہ کا بجٹ مرتب کیا گیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبہ میں بھی زبردست ترقی کررہی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں ٹی آر ایس زیرقیادت حکومت تشکیل دیئے جانے کے بعد سے اب تک جملہ 1.25 لاکھ غریب افراد میں مفت امکنہ پٹہ جات عطا کئے۔ انہوں نے کہا کہ جن سرکاری اراضیات پر غیرمجاز قبضے کئے گئے، ان غیرمجاز قبضہ والی اراضیات کو حکومت نے دوبارہ حاصل کرلینے میں کامیابی حاصل کی۔ مسٹر راجندر نے کہا کہ حکومت ایسے فلاحی و بہبودی پروگرامس پر عمل آوری کررہی ہے جس کی سابق میں کوئی نظیر نہیں ملے گی۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ تلنگانہ کو ہر شعبہ میں مساوی ترقی دینے کے مقصد سے حکومت نے اس مرتبہ 1.30 لاکھ کروڑ روپیوں کا بجٹ مرتب کرتے ہوئے پیش کیا ہے، بالخصوص وزیر فینانس نے برقی سربراہی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد برقی سربراہی کے متعلق شکوک و شبہات کو دُور کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانے پر اولین ترجیح دی۔ یہاں تک کہ تلنگانہ میں درکار برقی نہ رہنے کے باوجود دیگر ریاستوں سے برقی کی خریدی کے ذریعہ عوام کو موثر برقی سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے حکومت کے تعلق سے عوام میں اعتماد پیدا کیا اور یہی اعتماد کا نتیجہ ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔ مباحث پر وزیر کے جواب کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اور دیگر سوالات اور وضاحتیں طلب کئے اور ان وضاحتوں اور سوالات کا بھی وزیر موصوف نے جواب دیا۔

TOPPOPULARRECENT