Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی مایوس کن

ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی مایوس کن

کے چندر شیکھر راؤ عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام: وینکٹ ریڈی
حیدرآباد /8 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عوام نے صرف پانچ سال کے لئے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا ہے، لیکن حکومت کی ڈیڑھ سالہ کار کردگی مایوس کن ہے۔ آج احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کئی مسائل سے دو چار ہیں، خشک سالی کے سبب کسان خودکشی کر رہے ہیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں، طلبہ فیس باز ادائیگی اور اسکالر شپس کی عدم اجرائی سے پریشان ہیں اور بینکوں کی جانب سے کسانوں کو نئے قرضہ دینے سے انکار کیا جا رہا، لیکن ان مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی بجائے چیف منسٹر تلنگانہ چین میں سیر و تفریح کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورۂ چین پر کروڑوں روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں، جب کہ یہ رقم کسانوں کے قرض اور طلبہ کی فیس باز ادائیگی کے لئے خرچ کی جا سکتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار حاصل ہونے کے بعد کے سی آر ڈکٹیٹر بن گئے ہیں، جب کہ عوام نے ان کو صرف پانچ سال کے لئے حکومت کی باگ ڈور سونپی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا، 12 فیصد مسلم تحفظات کے نام پر مسلمانوں اور قبائل طبقات کو، تین ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے نام پر دلتوں کو اور ڈبل بیڈ روم فلیٹ کے نام پر غریب عوام کو دھوکہ دیا گیا، اس طرح سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دے کر ٹی آر ایس حکومت عوامی تائید سے محروم ہو گئی ہے۔ انھوں نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم اسٹار سے سیاست داں بننے والے این ٹی آر کو بھی شکست سے دو چار ہونا پڑا تھا، لہذا اب بھی وقت ہے کہ کے سی آر سنبھل جائیں، ورنہ تلنگانہ کے عوام انھیں اور ان کی پارٹی کو معاف نہیں کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT