Thursday , June 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پارٹی اور وزیر برقی کے خلاف الزامات پر مقدمات کا انتباہ

ٹی آر ایس پارٹی اور وزیر برقی کے خلاف الزامات پر مقدمات کا انتباہ

روزگار دلانے کا جھانسہ دینے والے شخص کا عام آدمی پارٹی سے تعلق ، کے پربھاکر ٹی آر ایس ایم ایل سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 21۔  نومبر  (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے وضاحت کی ہے کہ بیروزگاروں کو روزگار دلانے کا جھانسہ دینے والے سنتوش نامی شخص کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سوریہ پیٹ میں روزگار کے نام پر دھوکہ دینے والے شخص کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ وہ عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دھوکہ باز شخص کا ٹی آر ایس سے کبھی بھی تعلق نہیں رہا اور اس کے خلاف پولیس میں ٹی آر ایس کے قائدین نے شکایت درج کی تھی۔ پولیس نے سنتوش کو حراست میں لیتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ بعض اپوزیشن قائدین اس مسئلہ پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وزیر برقی جگدیش ریڈی کے بارے میں جس طرح کا پروپگنڈہ کیا جارہا ہے ، ان کے خلاف پولیس کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی اور وزیر برقی کے خلاف الزامات عائد کرنے والوں کو ہتک عزت کے مقدمہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آریہ پلی منڈل کے تماپور موضع سے تعلق رکھنے والا سنتوش حالیہ عرصہ میں دھنا لکشمی انٹرپرائزس کے نام سے خانگی روزگار فراہم کرنے کا دعویٰ کر رہا تھا ۔ اس شخص نے سوریہ پیٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوانوں کو روزگار دلانے کا جھانسہ دیتے ہوئے رقومات حاصل کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس سنتوش کے سیل فون کے ذریعہ تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کارروائی کر رہی ہے۔ کے پربھاکر نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس پارٹی نے کبھی بھی اس طرح کے دھوکہ باز افراد کی سرپرستی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر برقی کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے بعض سیاسی قائدین منصوبہ بند طریقہ سے الزام تراشی کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT