Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پارٹی ٹائیں ٹائیں فش ، دیگر جماعتوں کے قائدین کو ٹکٹ دینے کا الزام

ٹی آر ایس پارٹی ٹائیں ٹائیں فش ، دیگر جماعتوں کے قائدین کو ٹکٹ دینے کا الزام

حقیقی کارکنان و قائدین نظر انداز ، کانگریس کے سابق ایم پی پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے اعلامیہ تک شور شرابہ کرنے والی حکمران ٹی آر ایس پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ۔ 80 فیصد سے زائد ٹکٹس دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والوں کو دیتے ہوئے ٹی آر ایس نے اپنے حقیقی قائدین و کارکنوں سے نا انصافی کی ہے ۔ انتخابات میں کانگریس پارٹی شاندار مظاہرہ کرے گی ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں اس کی طاقت کیا ہے اندازہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں جنہوں نے اہم رول ادا کیا ہے اور حیدرآباد میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کی جدوجہد کی ہے ۔ انہیں انتخابات کے موقع پر نظر انداز کرتے ہوئے ان کے جذبات کو ٹی آر ایس نے ٹھیس پہونچائی ہے ۔ کانگریس ، تلگو دیشم اور بی جے پی کے علاوہ دوسری جماعتوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے 80 فیصد سے زائد قائدین کو ٹکٹس فراہم کی ہے ۔ یہی حکمران ٹی آر ایس کی سب سے بڑی کمزوری ہے ۔ گذشتہ ایک مہینے سے ٹی آر ایس اقتدار کا بیجا استعمال کرتے ہوئے صرف تشہیری بورڈس ، ہورڈنگس اور فلیکسی کے ذریعہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ اس کی جی ایچ ایم سی پر گرفت مضبوط ہے اور مقابلہ کرنے کے لیے ان کے پاس قائدین کی قطاریں ہیں ۔ 100 سے زائد بلدی ڈیویژنس پر کامیابی حاصل کرنے کا بھی چیلنج کیا گیا تاہم پرچہ نامزدگی کی سرگرمیاں ختم ہونے کے بعد حکمران ٹی آر ایس کا دعویٰ ’ ٹائیں ٹائیں فش ‘ ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس کی اس غلطی سے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے حقیقی قائدین کی آنکھیں نم ہوئی ہیں ۔ انہیں دلی تکلیف پہونچی ہے ۔ جی ایچ ایم سی امیدواروں کا انتخاب کرنے کے لیے چیف منسٹر تلنگانہ نے ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، کڈیم سری ہری ، اندرا کرن ریڈی ، ایم ہنمنت راؤ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی کے ایک رکن کا بھی ٹی آر ایس سے تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا چناؤ میں شاندار مظاہرہ ہوگا اور مئیر کے عہدے پر بھی کانگریس کا قبضہ ہوجائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT