Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پر تلگو دیشم ارکان اسمبلی کو لالچ اور دھمکیاں دینے کا الزام

ٹی آر ایس پر تلگو دیشم ارکان اسمبلی کو لالچ اور دھمکیاں دینے کا الزام

حکمراں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اپنے استعفے پیش کردیں ، ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/9فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا اور اسمبلی میں ڈپٹی فلور لیڈر ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ تلگودیشم ارکان اسمبلی کو لالچ اور دھمکیوں کے ذریعہ انحراف پر مجبور کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے تلگودیشم قائدین نے مطالبہ کیا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی کو چاہیئے کہ وہ اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیں کیونکہ تلگودیشم پارٹی کے ٹکٹ پر وہ منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کی صورت میں رکن اسمبلی کی حیثیت سے استعفی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ایل رمنا نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی نے کئی قائدین کو سیاسی زندگی عطا کی ہے اور جنہوں نے پارٹی سے انحراف کیا انہیں رائے دہندے سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کو مستحکم کرنے کیلئے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے جب ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کیا تھا اس وقت کے سی آر نے احتجاج کرتے ہوئے غیر جمہوری اقدام قرار دیا تھا لیکن آج وہی کے سی آر سیاسی انحراف کی تائید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کے ذریعہ پارٹی کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی کا عوام موثر جواب دیں گے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن قائدین کو دھمکا کر انہیں انحراف کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن جماعتوں کو ختم کرنے کیلئے سازش کی جارہی ہے تاکہ ٹی آر ایس اپنی من مانی کرسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور بعض ارکان اسمبلی کے انحراف سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ پارٹی اسمبلی اور اس کے باہر حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ارکان اسمبلی رکنیت سے استعفی دے کر دوبارہ منتخب ہوکر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت انحراف کے قانون کو نظر انداز کرتے ہوئے دیگر پارٹی کے عوامی نمائندوں کو شامل کررہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT