Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پر جمہوریت کا خون کرنے کا الزام

ٹی آر ایس پر جمہوریت کا خون کرنے کا الزام

اپوزیشن قائدین کو انحراف کی ترغیب دینا بدبختانہ حرکت: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/15جون، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اپوزیشن کے عوامی منتخب نمائندوں کو ٹی آر ایس میں شامل کرتے ہوئے جمہوریت کا خون کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر الزام عائد کیا۔نئے اضلاع کی تشکیل کا جائزہ لینے کیلئے قانونی اختیارات رکھنے والا کمیشن تشکیل دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر دولت، عہدے اور کنٹراکٹ کا لالچ دیتے ہوئے کانگریس کے بشمول دوسری جماعتوں کے عوامی منتخب نمائندوں کو ٹی آر ایس میں شامل کررہے ہیں اور سیاسی انحراف کرنے والے قائدین بھی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفی دینے کے بجائے ویسے ہی ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ کانگریس 135 سالہ ریکارڈ رکھنے والی سمندر جیسی پارٹی ہے چند قائدین کے پارٹی چھوڑنے سے کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ قائدین سے پارٹی نہیں ہے بلکہ پارٹی سے قائدین ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔30 جون تک منڈل کمیٹیاں اور 30جولائی تک گاؤں سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیںگی۔ ماہ جولائی میں سرپنچس، ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی کیلئے تمام اسمبلی حلقوں میں تربیتی کیمپس کا اہتمام کیا جائے گا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نئے اضلاع کی تشکیل کا جائزہ لینے کیلئے قانونی اختیارات پر مشتمل کمیشن تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے 2013 میں حصول اراضیات قانون نافذ کیا تھا اس پر عمل کرنے کے بجائے حکومت درمیانی فرد کا رول ادا کررہی ہے۔ جی او 123جاری کرتے ہوئے کسانوں اور زرعی مزدوروں کے مفادات کو نقصان پہنچارہی ہے اور زبردستی سستے داموں پر قیمتی اراضیات حاصل کررہی ہے۔ ملانا ساگر اور پالمور ساگر پراجکٹس کی تعمیرات کیلئے زبردستی اراضیات حاصل کی جارہی ہے۔ اس مسئلہ پر 16جون کو گاندھی بھون میں ایک اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں اے آئی سی سی ایس سی ڈپارٹمنٹ کے صدر مسٹر کے راجو کانگریس قائدین کو حصول اراضیات قانون 2013 کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT