Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس پر عوام کا بھر پور اعتماد ، مقامی ادارہ جاتی انتخابات میں کامیابی پر اظہار تشکر

ٹی آر ایس پر عوام کا بھر پور اعتماد ، مقامی ادارہ جاتی انتخابات میں کامیابی پر اظہار تشکر

اسکیمات کو انجام تک پہونچانا حکومت کی اولین ترجیح ، محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد۔9مارچ(سیاست نیوز) نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمود علی نے ضلع محبو ب نگر اچم پیٹ اور گریٹر ورنگل میںمجالس مقامی انتخابات میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر مذکورہ اضلاع کی عوام کو اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے عوام نے پا رٹی پر اپنے اعتماد کو برقرار رکھا ہے ۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ اس کامیابی کے بعد تلنگانہ راشٹریہ سمیتی پر عوام نے اضافی ذمہ داری سونپی ہے جس کا احترام کرتے ہوئے پارٹی اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیگی اور ریاست کو ترقی کی راہوں پر گامزن کریگی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریاست کی ترقی و خوشحالی کیلئے کئی ایک اسکیمات متعارف کروائی ہیں جو کامیابی کے ساتھ جاری ہیں جس میں ڈبل بیڈ روم فلیٹس ، شادی مبارک اسکیم ، اور اوور سیز اسکالر شپ اسکیم  قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اپنی ہر اسکیم پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرا ہے عوام تک تمام اسکیمات پہنچانا حکومت کا اولین فرض ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیمات  سے استفادہ کریں۔جناب محمد محمود علی نے نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بلاوقفہ برقی سربراہی کو حکومت تلنگانہ کاعظیم کارنامہ قراردیا

 

اور کہا کہ اس کے باعث ریاست کے صنعتی شعبے میں نہ صرف سدھار آیا ہے بلکہ کئی نئی صنعتی کمپنیوں نے ریاست کا رخ کیا ہے جبکہ سابق حکومت میں صنعتی شعبے کو زوال ہوا تھا جس کے باعث کئی کمپنیاں بند ہوگئیں ۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے پانی کی قلت کو دور کر نے کی غرض سے مہاراشٹرا حکومت سے کامیاب نمائندگی کے متعلق بات کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ زائد از ساٹھ برسوں سے تعطل کے شکار اس مسئلہ پر سابق میں کسی حکومت نے توجہ نہیں دی حالاں کہ کانگریس بیک وقت مرکز اور ریاست میںطویل عرصے تک زیر اقتدار رہی لیکن پانی کے مسئلے میں ہمیشہ تلنگانہ کے ساتھ شدید نا انصافی کرتی رہی انہوںنے بتایا عنقریب ریاست میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ حکومت کی جانب سے حال ہی میں شہر میں مستحق خاندانوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کو انہوں نے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اتنی کم مدت میں اتنی بڑی تعداد میں مکانات کی تقسیم کی ماضی میں کہیں نظیر نہیں ملتی۔ بارہ فیصد تحفظات کو یقینی بتاتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے کی پابند ہے اور چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوںکے خیر خواہ ہیں اور مسلمانوں کوہر شعبے میں ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں خود سے تحفظات کا وعدہ کیا تھااور وہ  اپنے دیگر وعدوں کی طرح اس پر ضرور عمل آوری کریںگے اس سلسلے میں کسی قسم کے شبہ کی گنجائش نہیں۔

TOPPOPULARRECENT