Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس کے استحکام کیلئے کام کرنے کا تیقن

ٹی آر ایس کے استحکام کیلئے کام کرنے کا تیقن

صدرنشین چنور زرعی مارکٹ کمیٹی نامز د ہونے پر ذوالفقار احمد کا اظہار خیال
نرمل13جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد ذوالفقار احمد سینئر قائد چنور تعلقہ ضلع عادل آباد کو چنور زرعی مارکٹ کمیٹی کا صدرنشین نامزد کیا گیا ۔ مسٹر ذوالفقار احمد نے اپنی نامزدگی پر وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ‘ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ‘ اے اندراکرن ریڈی ریاستی وزیر امکنہ ‘ جوگو رامنا وزیر جنگلات کے علاوہ ضلع عادل آباد کے تمام اراکین اسمبلی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی اس ذمہ داری کو بحسن خوبی انجام دیں گے اور ضلع عادل آباد میں ٹی آر ایس کو مزید استحکام کیلئے کام کریں گے ۔ واضح رہے کہ مسٹر ذوالفقار کی شخصیت محتاج تعارف نہیں بلکہ سیاست ان کی خاندانی وارث ہے ۔ ضلع کی معروف شخصیت چنا منتی جنہوں نے اپنے وقت میں چنور کے علاقہ میں تاریخ ساز فلاحی تعلیمی ‘ سماجی خدمات کے نقوش چھوڑے ‘ ان کے انتقال کے بعد اس سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے چنامنتی کے فرزند مرحوم جناب سلطان احمد سابق ایم ایل سی نے چنور کے علاقہ میں اپنے ذاتی خرچ سے تعلیمی اداروں کو فروغ دیا اور اس علاقہ میں تمام طبقات میں اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعہ ایک منفرد مقام بنایا تھا ۔ اب سلطان احمد مرحوم کے فرزند جناب ذوالفقار احمد اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس تسلسل کو برقرار رکھا ہے اور حکومت نے ان کو زرعی کمیٹی کے صدرنشین کے عہدہ پر نامزد کیا ہے ۔ ان کے علاقہ کی عوام کو اس خاندان سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ مسٹر ذوالفقار احمد دو دن بعد یعنی 16 جولائی کو اپنے اس عہدہ کا جائزہ حاصل کریں گے جس میں اراکین اسمبلی اور وزراء کی شرکت متوقع ہے ۔

TOPPOPULARRECENT