Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاع بے بنیاد و گمراہ کن: پنالہ لکشمیا

ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاع بے بنیاد و گمراہ کن: پنالہ لکشمیا

سیاسی زندگی تک کانگریس سے وابستہ رہنے کا عزم، تلگو اخبار کے دفتر پر سابق صدر پی سی سی کا احتجاج

حیدرآباد 6 مارچ (سیاست نیوز) سابق صدر تلنگانہ کانگریس پارٹی و سابق وزیر مسٹر پی لکشمیا نے ادعا کیاکہ وہ کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کی ہے بلکہ اپنی سیاسی زندگی تک وہ کانگریس پارٹی سے ہی وابستہ رہنے کا اظہار کیا۔ مسٹر پی لکشمیا نے ایک تلگو روزنامہ میں ان کے تعلق سے شائع نیوز ایٹم کی پرزور تردید کی اور اس طرح کی جھوٹی و بے بنیاد خبر شائع کرنے کی سخت مذمت کی۔ مسٹر لکشمیا نے ان سے متعلق شائع غلط و بے بنیاد نیوز ایٹم کے خلاف تلگو روزنامہ کے آفس کے روبرو بیٹھ کر سخت احتجاج بھی کیا۔ مسٹر لکشمیا نے ان کی ٹی آر ایس میں امکانی شمولیت سے متعلق افواہوں اور تلگو روزنامہ میں شائع بے بنیاد خبر پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہرگز کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کریں گے بلکہ اپنی سیاسی زندگی تک وہ کانگریس سے ہی وابستہ رہیں گے۔ انھوں نے ٹی آر ایس کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ درحقیقت ٹی آر ایس کے بعض قائدین کانگریس قائدین کے خلاف بدگمانیاں پیدا کرنے اور عوام میں ان کے وقار کو متاثر کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں تاکہ کانگریس قائدین بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلینے پر مجبور ہوجائیں۔ انھوں نے کہاکہ دیگر پارٹیوں سے وابستہ قائدین خواہ ان کے تعلق سے کسی بھی نوعیت کے حربے استعمال کیوں نہ کریں وہ ان حربوں سے متاثر ہونے والے نہیں بلکہ وہ کانگریس میں رہ کر ہی آئندہ کے لئے کانگریس پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کوشاں رہیں گے۔ مسٹر لکشمیا نے کہاکہ ٹی آر ایس نے دیگر قائدین کو اپنی جانب راغب کرنے کیلئے ’’مائینڈ گیم‘‘ کھیل رہی ہے اور اس مائینڈ گیم کے حصہ کے طور پر ہی ان کی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق غلط اطلاعات و افواہیں پھیلارہی ہے۔ انھوں نے غلط اطلاعات و افواہیں پھیلانے کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ اس طرح کی اطلاعات کے خلاف سخت اقدامات کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT