Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی ایس آر ٹی سی کیلئے نئی بسیں خریدنے کے اقدامات

ٹی ایس آر ٹی سی کیلئے نئی بسیں خریدنے کے اقدامات

۔350 کروڑ روپئے کا تخمینہ ، وزیر ٹرانسپورٹ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں عوامی ٹرانسپورٹ نظام کو مستحکم بنانے کے ایک حصہ کے طور پر350 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کیلئے نئی بسیں خریدنے کے اقدامات کررہی ہے۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر جی وی رمنا راؤ کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر مہیندر ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ ملک بھر میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے مقصد سے ہی 350 کروڑ روپیوں کے مصارف سے جاریہ سال کے دوران جملہ 1391 نئی بسیں خریدی جارہی ہیں تاکہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ریاستی حکومت میں ہر گاؤں کو سڑک اور بس کے نعرہ کی روشنی میں ریاست کے 1100 مواضعات میں آر ٹی سی بسیں چلا کر تمام تر علاقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے نئی خریدی جانے والی بسوں کی تفصیلات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 1391 نئی بسوں کے منجملہ 95 ایر کنڈیشنڈ راجدھانی بسیں، 386 سوپر لکثرری بسیں، 600 ایکسپریس بسیں، 74 پلے ویلگوبسیں، 236 منی بسیں، ان میں 100 ایر کنڈیشنڈ بسیں اور مزید 331 پلے ویلگو بسیں شامل ہیں۔ وزیر موصوف نے ریاست تلنگانہ میں کرشنا پشکرالو کیلئے ٹی ایس آر ٹی سی خصوصی بسیں چلائی جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے کرشنا پشکرالو کیلئے ریاست کے مختلف مقامات سے جملہ 365 خصوصی بسیں چلائی جائیں گی اور ا س طرح کرشنا پشکرالو میں حصہ لینے کیلئے روانہ ہونے والے افراد کو بہتر سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے زائد از 400 آر ٹی سی عہدیداروں وغیرہ کو صرف آر ٹی سی بسوں کی روانگی اور اوقات کے مطابق تال میل کی برقراری کیلئے تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ کرشنا پشکرالو میں لاکھوں عوام شریک ہوں گے اور ان تمام کو بہتر سفر کی سہولتیں فراہم کرنے اور کوئی مسائل کے پیدا نہ ہونے جیسے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ قبل ازیں مسٹر مہیندر ریڈی نے کرشنا پشکرالو کیلئے خصوصی بسوں کے انتظامات کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا صدرنشین ٹی ایس آر ٹی سی ایس ستیہ نارائنا، منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی مسٹر رمنا راؤ و دیگر اعلیٰ عہدیداران آر ٹی سی کے ساتھ انتظامات کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور مکمل تفصیلات سے واقفیت حاصل کرکے عہدیداروں کو کرشنا پشکرالو کیلئے بہتر سے بہتر انتظامات کی ہدایات دیں۔

TOPPOPULARRECENT