Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ٹی ایس ویالٹ کا 14 دسمبر کو چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں رسم اجراء

ٹی ایس ویالٹ کا 14 دسمبر کو چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں رسم اجراء

تلنگانہ ضلعی کلکٹرس کی اولین کانفرنس ، نقد لین دین سے پاک اپلی کیشن متعارف کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 14ڈسمبر کو ریاست میں TS-Walletکا اجراء عمل میں لائیں گے۔ ریاست تلنگانہ میں اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد پہلی مرتبہ ہونے جا رہی ضلع کلکٹرس کانفرنس میں چیف منسٹر نے ریاست میں نقد لین دین سے پاک تجارت کے فروغ کیلئے TS-Walletایپلیکیشن کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری مسٹر کے پردیپ چندرانے 14ڈسمبر کی اس کانفرنس کے سلسلہ میں ویڈیو کانفرنس کے دوران تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اضلاع کے متعلق مجموعی منصوبہ اور معاشی ذرائع کے علاوہ جغرافیائی ضروریات اور آبپاشی سے متعلق تفصیلات تیار رکھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے الکٹرانک ادائیگی کے ایپلیکیشن کی اجرائی سے قبل ہی ریاست میں دو مواضعات کو مکمل طور پر رقمی لین دین سے پاک مواضعات قرار دیئے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ذرائع کے بموجب ریاست میں نقد رقمی لین دین سے پاک تجارت کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کاوشوں کے تحت سرکاری طور پر ایپلیکیشن کی تیاری عمل میں لائی جا رہی ہے جس کے ذریعہ ادائیگی ممکن ہوگی۔چیف سکریٹری نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اضلاع میں نقد رقمی لین دین سے پاک تجارت کے فروغ کی حوصلہ افزائی کے سلسلہ میں اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کی مکمل تفصیلات ساتھ رکھی جائیں تاکہ حکومت کو تمام اضلاع کی رپورٹ پیش کی جا سکے۔باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب حکومت نے سوریہ پیٹ میں موجود گاندھی نگر اور کسارآباد کو نقد رقمی لین دین سے پاک مواضعات کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ابراہیم پور موضع کو ریاستی حکومت نے ریاست کا پہلا نقد رقمی لین دین سے پاک موضع قرار دیا ہے۔14ڈسمبر کو کلکٹرس کانفرنس کے دوران ریاستی حکومت کا ادائیگی ایپلیکیشن روشناس کروائے جانے کے بعد حکومت کو نقد رقمی لین دین سے پاک تجارت کے فروغ میں کامیابی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT