Monday , July 24 2017
Home / Top Stories / پارلیمانی حلقوں کی تعداد بلحاظ آبادی بڑھانے کی ضرورت

پارلیمانی حلقوں کی تعداد بلحاظ آبادی بڑھانے کی ضرورت

بروقت انتخابی اصلاحات ناگزیر ، کمزور مخلوط حکومتوں سے جمہوریت کو نقصان : پرنب مکرجی
نئی دہلی8اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اس تمہید کے ساتھ کہ ہندوستان کی جمہوری ساخت کو مضبوط بنانے کے لئے ایک مضبوط انتخابی نظام ناگزیر ہے ، صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج لوک سبھا کے حلقوں کی تعداد میں آبادی کے تناسب سے اضافے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس رخ پر بروقت اصلاحات پر زور دیا اور انتخابی امور کے حوالے سے اقتصادی اصلاحات پر ایک کل ہند سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر مکرجی نے کہا کہ بروقت اصلاحات سے نہ صرف عوام کو انصاف ملے گا بلکہ یہ ان نظریات کے ساتھ بھی انصا ف ہوگا جو دستور ہند میں پیش کئے گئے ہیں۔ سمینار کا اہتمام کنفیڈریشن آف دی انڈین بار نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ا انتخابی نظام جن خطوط پر کام کررہا ہے اس کا پوری شدت سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ اس نظام میں جو بھی کمی نظر آئے اسے دور کیا جاسکے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ بالعموم ماضی میں مرکز میں مخلوط حکومتوں نے غیر مستحکم حکمرانیاں کیں جن کے نتیجے میں بار بار انتخابات کرانے کی ضرورت پیش آتی رہی۔ کمزور مخلوط حکومتیں چل نہیں پاتیں ۔ انہوں نے رائے دہندگان کے تئیں ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی کہا کہ پارلیمنٹ محض مجلس مباحثہ نہیں بلکہ ایک قانون ساز ادارہ ہے ۔ مسٹر مکرجی نے کہا کہ لوک سبھا سردست جس آبادی کی نمائندگی کرتی ہے وہ 1971کی مرد م شماری کے مطابق ہے جبکہ حالیہ دہائیوں میں ہماری آبادی کئی گنا بڑھی ہے ۔ ہندوستانی ووٹروں کی تعداد 80کروڑ سے زیادہ ہے اور لوک سبھا کے 543 حلقے 1.28 ارب آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت آگیا ہے کہ پارلیمانی حلقوں کی نئی حد بندی کی قانونی گنجائشوں کا جائزہ لیا جائے تاکہ لوک سبھا کے حلقوں کی تعداد بڑھائی جاسکے ۔ اگر برطانیہ کے پارلیمانی حلقوں کی تعداد 600 سے زیادہ ہے تو ہندوستان جس کی آبادی اس سے کہیں زیادہ ہے ، زیادہ پارلیمانی سیٹیں کیوں نہیں رکھ سکتا۔ صدر جمہوریہ نے آخر میں کنفیڈریشن آف بار کو اس نوعیت کے سمینار کے اہتمام پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ اس بزم میں انتخابی اصلاحات پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی اور ٹھوس تجاویز نکل کر سامنے آئیں گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT