Sunday , September 24 2017
Home / سیاسیات / پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کی کانگریس کی جانب سے مخالفت

پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کی کانگریس کی جانب سے مخالفت

نئی دہلی۔7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت منعقد کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمہوری نظام میں یقین نہ ہو تو اس قسم کی تشہیر کی جاتی ہے۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ کیا آپ جمہوریت کو کچلنا چاہتے ہیں۔ پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کی میعاد میں تخفیف کرنا چاہتے ہیں۔ ان سے سوال کیا گیا تھا کہ بیک وقت انتخابات کے انعقاد کے بارے میں کانگریس کا موقف واضح کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کے ارکان کو منتخب کرتے ہیں اور ان کی ایک میعاد مقرر کی ہے۔ اگر بیک وقت انتخابات کا انعقاد کیا جائے تو لازمی طور پر میعاد میں تخفیف کرنا ضروری ہوجائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ موجودہ حکومت کو جمہوری عمل پر یقین نہیں ہے۔ جبکہ جمہوری عمل ہی اس ملک کی خصوصیت ہے اور اس کی طاقت ہے۔ کانگریس قبل ازیں بیک وقت انتخابات کے مسئلہ پر وسیع تر مشاورت کا مطالبہ کرچکی ہے۔ وزیراعظم اس مسئلہ پر بہت زیادہ سرگرم ہیں، تاہم کانگریس کا کہنا ہے کہ اس موضوع پر وسیع تر مشاورت ضروری ہے۔ ممکن ہے کہ نظریاتی اعتبار سے یہ آسان نظر آتا ہو لیکن عملی اعتبار سے اس کیلئے دستور میں بھی ترمیم کرنی ہوگی۔ سرجے والا نے کہا کہ نریندر مودی کو ہندوستان کی جمہوریت کو ’’پرائیویٹ لمیٹیڈ‘‘ نہیں سمجھنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT