Tuesday , May 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پارلیمنٹ بجٹ اجلاس میں تلنگانہ سے نا انصافی پر آواز اٹھانے کا عزم

پارلیمنٹ بجٹ اجلاس میں تلنگانہ سے نا انصافی پر آواز اٹھانے کا عزم

مرکز کے رویہ پر اظہار برہمی ، ٹی آر ایس ایم پی ونود کمار کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔  فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے جاریہ بجٹ سیشن میں تلنگانہ سے ناانصافیوں کے مسئلہ کو شدت کے ساتھ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے کئی وعدوں کی تکمیل نہیں کی اور وعدوں سے انحراف کرلیا گیا ۔ انہوں نے مرکز کے رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے جاریہ سیشن میں ٹی آر ایس اس مسئلہ کو موضوع بحث بنائے گی اور مرکز پر وعدوں کی تکمیل کیلئے دباؤ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے سلسلے میں جو رویہ اختیار کیا ہے ، اس کے خلاف بطور احتجاج ٹی آر ایس نے دو دن تک پارلیمنٹ کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو تین سال مکمل ہوگئے لیکن تنظیم جدید قانون میں شامل امور پر مرکزنے ابھی تک عمل آوری نہیں کی ہے۔ مرکز کے رویہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی سے نمائندگی کی جاچکی ہے ۔ ہائی کورٹ کی تقسیم ، ملازمین کی تقسیم ، اسمبلی نشستوں کی تعداد میں اضافہ اور تلنگانہ کیلئے ایمس کی منظوری جیسے مسائل پر مرکز کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایک سے زائد مرتبہ ان مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں امید کی جارہی تھی کہ وعدہ کے مطابق ایمس کی منظوری کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے مرکز کو واقف کرایا تھا کہ ایمس کے قیام کیلئے حیدرآباد میں اراضی الاٹ کی جائے گی ۔ جھارکھنڈ اور گجرات جیسی ریاستوں کیلئے ایمس کی منظوری دی گئی لیکن تلنگانہ کو نظر انداز کردیا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اندرون دو یوم مرکزی حکومت تلنگانہ کیلئے ایمس کے قیام کا اعلان کرسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کو درپیش مسائل اور مرکزی حکومت کے وعدوں کے سلسلہ میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آواز بلند کی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT