Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / پارلیمنٹ مانسون سشن کی دوبارہ طلبی ‘آج حکومت کے فیصلے کا امکان

پارلیمنٹ مانسون سشن کی دوبارہ طلبی ‘آج حکومت کے فیصلے کا امکان

جی ایس ٹی سمیت اہم بلوں کی منظوری کی کوشش ۔ علاقائی جماعتوں کی تائید کے حصول پر فیصلہ کا انحصار
نئی دہلی 24 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت امکان ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون سشن دوبارہ طلب کرنے کے تعلق سے کل کوئی فیصلہ کرسکتی ہے ۔ یہ اجلاس 13 اگسٹ کو ملتوی کردیا گیا تھا تاہم اس کے غیر معینہ مدت کے التوا کا اعلان نہیں کیا گیا تھا ۔ حکومت چاہتی ہے کہ جی ایس ٹی جیسے اہم قانونی مراحل کی پارلیمنٹ میں تکمیل کرلی جائے ۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو امکان ہے کہ اس مسئلہ پر حکومت کے عزائم کے تعلق سے اظہار خیال کرینگے جب وہ کل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرینگے ۔ پارلیمنٹ کا ہنگامہ خیز مانسون سشن شور شرابہ کی وجہ سے کسی کام کاج کے بغیر ختم ہوگیا تھا جس کے نتیجہ میں اہم قانون سازیوں کا عمل تاخیر کا شکار ہوگیا تھا ۔ ان میں اہم ترین جی ایس ٹی بل بھی شامل ہے ۔ اسے ایوان میں مسلسل ہنگاموں اور شور شرابہ کی وجہ سے ہونے والے التوا کی وجہ سے منظوری نہیں دلائی جاسکی ۔ پارلیمنٹ مانسون سشن کے چار ہفتوں کے دوران للت مودی تنازعہ اور مدھیہ پردیش کے ویاپم اسکام کا ہی چرچہ رہا جس کے نتیجہ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی مفلوج ہوکر رہ گئی تھی ۔ مانسون سشن کا آغاز 21 جولائی کو ہوا تھا ۔ جی ایس ٹی بل کی منظوری کو یقینی بنانے کی خواہاں حکومت نے اس سشن کی دوبارہ طلبی کا امکان برقرار رکھا تھا جبکہ پارلیمانی امور سے متعلق کابینی کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ ایوان کے التوا کے فوری بعد اس کے غیر معینہ مدت کیلئے التوا کا حکمنامہ جاری نہ کیا جائے ۔ ذرائع نے کہا کہ مانسون سشن کی دوبارہ طلبی کا فیصلہ اس بات پر ہوگا کہ آیا حکومت متنازعہ جی ایس ٹی بل کی منظوری کے سلسلہ میں دوسری جماعتوں کی تائید کس حد تک حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے ۔ اگر حکومت کچھ علاقائی جماعتوں کی تائید حاصل کرتے ہوئے جی ایس ٹی بل کو منظور کروانے کی کوشش کرے تو وہ مختصر نوٹس پر ایوان کی دوبارہ طلبی کا بھی اعلان کرسکتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ حکومت نے ایوان کے غیر معینہ مدت کے التوا کا اعلامیہ جاری نہیں کیا تھا اس لئے وہ مختصر نوٹس پر ایوان کی دوبارہ طلبی کا حق رکھتی ہے ۔ دستور کے دفعہ 85(2) کے تحت صدر جمہوریہ کو اختیار ہے کہ پارلیمنٹ ایوانوں کو کارروائی کے التوا کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیں ۔ وہ کسی بھی وقت ایوان کو دوبارہ طلب بھی کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT