Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / پارلیمنٹ: مودی حکومت کیخلاف اپوزیشن متحد

پارلیمنٹ: مودی حکومت کیخلاف اپوزیشن متحد

گاؤ دہشت گردی‘ کشمیر ‘ چین اور دیگر مسائل کو موضوع بنانے کا فیصلہ‘ حکمت عملی کو قطعیت
نئی دہلی ۔16جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ کا مانسون سیشن کل دوشنبہ سے شروع ہورہا ہے جسمیں گاؤ رکھشا کے نام پر دہشت گردی ‘ کسانوں کا احتجاج ‘ کشمیر میں گڑبڑ ‘ بعض اپوزیشن قائدین کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی اور چین کے ساتھ ہندوستان کے تعطل جیسے مسائل موضوع بحث بناسکتے ہیں ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں کے چند متوفی ارکان کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد کارروائی ملتوی کردی جائے گی ۔ ایوان کی باقاعدہ کارروائی کا منگل سے آغاز متوقع ہے ۔ مانسون اجلاس 11اگست کو اختتام پذیر ہوگا ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے آج واضح کردیا کہ چین کے ساتھ تنازعہ اور کشمیر کی صورتحال پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسئلہ کشمیر پر حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے غلام نبی آزاد نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے مذاکرات کے تمام دروازے بند کردیئے ہیں جب کہ نتیجہ میں ’’سیاست گھٹن ‘‘ پیدا ہوگئی ہے ۔ انہوں نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ کشمیر میں چین سے اختلافات ایک نیا مرکزی و توجہ طلب نقطہ بن گئے ہیں اور بھوٹان سہ فریقی جنکشن کے قریب ڈوکلم میں چین کے ساتھ تعطل پر بحث کیلئے بھی اصرار کیا جائے گا ۔ کانگریس اور بائیں بازو کے بشمول مختلف اپوزیشن جماعتوں نے خود ساختہ گاؤ رکھشکوں کے تشدد میں مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات پر حکمراں اتحاد کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بشمول بیروزگاری ‘ مختلف معاشی مسائل کو بھی اپوزیشن جماعتیں موضوع بنائیں گی ۔ جے ڈی و( یو) کے شرد یادو نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا ہیکہ وہ روزگار فراہم کرنے کے وعدہ کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے اور اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اٹھائیں گی ۔ مملکتی وزیر پارلیمان اُزور مختار عباس نقوی نے کہا کہ ’’ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کو ثمرآور اور تعمیری بنانا چاہتیں ہیں ۔ اپوزیشن جماعتیں اگر بعض مسائل پر بحث کرنا چاہتے ہیں تو اس ضمن مںی ہم بزنس اڈوائزری کمیٹی میںغور کریں گے اور کمیٹی کے صدرنشین بحث کیلئے تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے ‘‘ ۔

 

TOPPOPULARRECENT