Tuesday , September 26 2017
Home / ہندوستان / پاسپورٹ میں باپ کے نام کی لازمیت ختم کرائی جائے: مینکا گاندھی

پاسپورٹ میں باپ کے نام کی لازمیت ختم کرائی جائے: مینکا گاندھی

نئی دہلی ،15جولائی (سیاست ڈاٹ کام) خاتون و اطفال کی مرکزی وزیر مینکا گاندھی نے بیرون ملک سفر کرنے کے لئے ضروری پاسپورٹ اور اس کی درخواست میں باپ کے نام کی لازمیت کوختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ محترمہ گاندھی نے آج سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر خارجہ سشما سوراج کو خطاب کرکے لکھے گئے کئی پیغامات میں کہا ہے کہ ملک میں اکیلے گارجین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ۔زیادہ تر لوگ ارادۃً سنگل پیرنٹ بن رہے ہیں تو کچھ طلاق وغیرہ کی مجبوری کے بعد اس فہرست میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کو اور انہیں ذاتی طور پر پاس پورٹ میں سے باپ کانام لکھنے کی لازمیت کو ختم کرنے کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔حالات کے پیش نظر پاسپورٹ اور اس کی درخواست میں والد کا نام لکھنے کی لازمیت کو ختم کیا جانا چاہیے ۔ محترمہ گاندھی نے دہلی ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ماں اور بچہ نہیں چاہتے تو والد کا نام نہیں لکھا جانا چاہیے ۔انہوں نے محترمہ سوراج سے درخواست کی ہے کہ اس سلسلے میں ضروری ترمیم کی جانی چاہیے ۔موجودہ پروویژن کے مطابق پاسپورٹ جاری کرنے کے لئے باپ کا نام بتایا ضروری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT