Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پاسپورٹ میں تکنیکی غلطیاں عازمین کو دشواریاں

پاسپورٹ میں تکنیکی غلطیاں عازمین کو دشواریاں

حیدرآباد۔/8ستمبر، ( سیاست نیوز) پاسپورٹ میں تکنیکی خامی کے سبب کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج کو پرواز سے عین قبل روک دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رائچور سے تعلق رکھنے والے سید حسین اور ان کی اہلیہ عظیم النساء نے کرناٹک حج کمیٹی کے ذریعہ درخواست داخل کی تھی۔ سید حسین کا ویزا اُن کے والد کے نام سے جاری کردیا گیا جس کے سبب انہیں ایمیگریشن حکام نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کی اجازت نہیں دی۔ ان کے ساتھ موجود ان کی اہلیہ بھی حیدرآباد میں ہی رُک گئیں۔ کل صبح ان کی فلائیٹ تھی لیکن سنٹرل حج کمیٹی کی جانب سے کی گئی اس تکنیکی خامی کے سبب انہیں رکنے پر مجبور ہونا پڑا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے سید حسین کا پاسپورٹ دوبارہ ویزا کیلئے سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کیا ہے اور توقع ہے کہ کل شام تک ان کا پاسپورٹ کرناٹک حج کمیٹی کو وصول ہوگا اور سید حسین اپنی اہلیہ کے ساتھ بنگلور سے روانہ ہوں گے۔ بنگلور سے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 14ستمبر تک جاری ہے۔ اسی دوران نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والی اختر بیگم اپنے شوہر حفیظ الدین کے ساتھ آج شام ایر انڈیا کی ریگولر فلائیٹ سے سعودی عرب روانہ ہوگئیں۔ ان کے ویزا میں تکنیکی خامی کے سبب جدہ ایرپورٹ پر ایمیگریشن حکام نے روک دیا تھا اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوگئیں۔ نئے ویزے کی اجرائی کے بعد آج دونوں سعادت حج کیلئے روانہ ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT