Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / پالیرو سے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل

پالیرو سے کانگریس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل

اصل جنگ اخلاقیات اور سیاسی مغروروں کے درمیان ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے پالیرو اسمبلی کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے بدعنوان حکومت کے مغرور چیف منسٹر کے سی آر کو سبق سکھانے کا عوام سے مطالبہ کیا ۔ اسمبلی حلقہ پالیرو ضمنی انتخابات میں مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے پالیرو کے الیکشن میں اصل جنگ اخلاقیات اور سیاسی مغرور کے درمیان ہے ۔ روایت سے انحراف کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ کانگریس کے آنجہانی رکن اسمبلی رام ریڈی وینکٹ ریڈی کی موت کا سیاسی فائدہ اٹھاتے ہوئے ارکان اسمبلی کی عددی طاقت میں اضافہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس امیدوار کی تائید کرنے پر تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے سیاسی مفاد پرستی کی خاطر آنجہانی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان کو بلا مقابلہ کامیاب بنانے کی روایت سے انحراف کرتے ہوئے عوام کو غلط پیغام پہونچایا ہے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے امیدوار ریاستی وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کو مخالف تلنگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی مخالفت اور اپنے آپ کو تلنگانہ تحریک سے دور رکھا تاہم شرم کی بات ہے کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کے سی آر نے اپنی کابینہ میں مخالف تلنگانہ ذہن رکھنے والے ٹی ناگیشور راؤ کو شامل کیا ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پالیرو کے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کررہی ہے ۔ بعض پولیس عہدیدار ٹی آر ایس ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے خواہش کی کہ وہ سرکاری مشنری کے بیجا استعمال اور ایجنٹ کی طرح کام کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور انتخابی ضوابطہ اخلاق پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کی انتخابی مہم کامیاب ہے عوام آنجہانی رکن اسمبلی کی بیوہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا تیقن دے رہے ہیں ۔ کانگریس کی امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT