Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / پالیرو ضمنی اسمبلی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

پالیرو ضمنی اسمبلی انتخاب میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس آر سی پی کا غیراخلاقی اتحاد، محمد فاروق حسین
حیدرآباد ۔ 14 مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے پالیر اسمبلی ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کویقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کیلئے کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ناجائز غیراخلاقی اتحاد کیا ہے۔ مسٹر محمد فاروق حسین 10 روزہ نجی دورہ لندن روانہ ہونے سے قبل سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی حلقہ پالیر میں ٹی آر ایس کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے تجویز کردہ ذمہ داری بخوبی نبھاتے ہوئے ٹی آر ایس کے امیدوار ریاستی وزیر ٹی ناگیشور راؤ کی بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے راستہ ہموار کردیا ہے۔ ہریش راؤ کے بشمول دوسرے وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل نے اسمبلی حلقہ پالیر میں کیمپ کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر انتخابی مہم چلائی ہے۔ حکومت کے ترقیاتی و فلاحی کاموں سے رائے دہندوں کو واقف کراتے ہوئے ان کا بھرپور اعتماد حاصل کرلیا ہے۔ لمبے عرصہ تک اسمبلی حلقہ پالیر کانگریس کے کنٹرول میں ہونے کے باوجود کانگریس نے اس حلقہ کو ترقی دینے اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیا۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ ایک حرکیاتی قائد ہے۔ ان کی کامیابی سے حلقہ کی ترقی ہوگی۔ فاروق حسین نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہوکر وہ اور اسمبلی حلقہ کھمم کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر پی اجئے کمار نے ایک ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس کے چند دن بعد تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر و رکن پارلیمنٹ کھمم مسٹر پی سرینواس ریڈی کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور وہ باضابطہ ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ کانگریس کے خلاف وجود میں آنے والی تلگودیشم پارٹی نے اخلاقیات کو فراموش کرتے ہوئے نہ صرف کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ہے بلکہ کانگریس کے ساتھ اور وائی ایس آر کانگریس کے ساتھ مل کر کانگریس کے حق میں انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ اس کا عوام پر کوئی اثر ہونے والا نہیں ہے۔ اسمبلی حلقہ پالیر کے عوام اس ناجائز اتحاد کو فراموش کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT