Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / پالیر اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کو جگن کی تائید

پالیر اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس کو جگن کی تائید

تلنگانہ پی سی ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک کی صدر وائی ایس آر کانگریس سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی نے پالیر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے آج لوٹس پاونڈ پہونچ کر صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش مسٹر جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی ۔ اسمبلی حلقہ پالیر کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی رام ریڈی وینکٹ ریڈی کے انتقال کے بعد مخلوعہ نشست کے لیے منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں مقابلہ کرنے کے بجائے کانگریس امیدوار کی تائید کرنے کی اپیل کی جس پر جگن موہن ریڈی نے رضا مندی کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں وائی ایس آر کانگریس پارٹی تلنگانہ کے صدر و رکن پارلیمنٹ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ رکن اسمبلی کے انتقال پر ان کے ارکان خاندان کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کی روایت ہے جس کا وائی ایس آر کانگریس پارٹی احترام کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کی جانب سے مقابلہ کرنے پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے بھی ابتداء میں مقابلہ کرنے کا من بنالیا تھا تاہم ملو بٹی وکرامارک نے پارٹی صدر جگن موہن ریڈی سے مقابلہ کرتے ہوئے آنجہانی قائد کے ارکان خاندان کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے ۔ جس پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مقابلہ کرنے کے ارادے سے دستبردار ہوگئی ہے اور ضمنی انتخاب میں کانگریس کی تائید کرے گی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ایک دو دن میں مسٹر ملو بٹی وکرامارک سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے وجئے واڑہ پہونچ کر ملاقات کریں گے اور تلگو دیشم امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارنے کے بجائے ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے کانگریس کی تائید کرنے کی اپیل کریں گے ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے آج صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا سے ملاقات کی ہے ۔ تلگو دیشم کو مقابلہ سے دستبردار ہو کر کانگریس کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے جس پر مسٹر ایل رمنا نے قطعی فیصلہ چندرا بابو نائیڈو کا ہونے کا دعویٰ کیا جس کی وجہ سے ملو بٹی وکرامارک چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرنے وجئے واڑہ جارہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT