Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / پالیر ضمنی انتخاب میں اپوزیشن کو متحد ہونے کی کانگریس کی اپیل بے فیض

پالیر ضمنی انتخاب میں اپوزیشن کو متحد ہونے کی کانگریس کی اپیل بے فیض

کمیونسٹ جماعتوں کا تائید سے انکار ، تلگو دیشم کا چندرا بابو پر انحصار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : کانگریس کی جانب سے پالیر ضمنی انتخابات کے لیے ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو کانگریس امیدوار کی تائید کرنے کی اپیل کی گئی ۔ کمیونسٹ جماعتوں نے تائید کرنے سے انکار کردیا جب کہ تلگو دیشم پارٹی نے فیصلے کو سربراہ تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو پر چھوڑ دیا ۔ روایت رہی ہے کہ کسی بھی رکن اسمبلی کے انتقال پر دوسری جماعتیں مقابلہ نہیں کرتی بلکہ آنجہانی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان میں کسی ایک فرد کو بلا مقابلہ منتخب کرنے میں تمام جماعتیں تعاون کرتی ہیں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکمران ٹی آر ایس نے اس روایت سے انحراف کیا اور ایسی صورت میں منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی نئی روایت قائم کی ہے ۔ حال ہی اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر پی کشٹیا ریڈی کے اچانک انتقال پر ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ کانگریس کی جانب سے آنجہانی رکن اسمبلی کے ارکان خاندان میں کسی ایک فرد کو بلا مقابلہ ایم ایل اے بنانے کانگریس کی جانب سے کی گئی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ پالیرو اسمبلی حلقہ کے لیے ٹی آر ایس نے ریاستی وزیر مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جس پر کانگریس پارٹی نے اس مرتبہ اپوزیشن جماعتوں کے دروازے کھٹکھٹانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام جماعتیں متحد ہو کر ٹی آر ایس سے مقابلہ کرسکے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا سے ٹیلی فون پر ربط کرتے ہوئے ضمنی انتخاب میں آنجہانی رکن اسمبلی کے مقابلہ کرنے والے فرد کی تائید کرنے کی اپیل کی ہے ۔ مسٹر ایل رمنا نے کیپٹن اتم کمار ریڈی کو بتایا کہ اس کا فیصلہ سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے مشاورت کرنے کے بعد کریں گے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی امکان ہے کہ قائد اپوزیشن و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی سے بھی بات چیت کریں گے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے آج سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری مسٹر ٹی ویرا بھدرم سے ان کے پارٹی آفس پر ملاقات کی اور ضمنی انتخابات میں کانگریس کی تائید کرنے کی اپیل کی تاہم سی پی ایم سے مثبت ردعمل حاصل نہیں ہوا ہے ۔ ٹی ویرا بھدرم نے انہیں بتایا کہ وہ کمیونسٹ جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر کے طاقتور امیدوار کو انتخابی مہم میں اتارنا چاہتے ہیں ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ آنجہانی قائد کے کسی فرد کو کانگریس پارٹی اپنا امیدوار بنائے گی ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر گھمنڈ و تکبر حاوی ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ روایت کو ٹھکراتے ہوئے ٹی آر ایس مقابلہ کررہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ پالیر کے عوام کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ جمہوریت کا خون کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT