Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / پانڈین کی ضمانت میں ترمیم سے سپریم کورٹ کا انکار

پانڈین کی ضمانت میں ترمیم سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سہراب الدین شیخ اور اس کی بیوی کوثر بی کے مبینہ فرضی انکاونٹر میں ہلاکتوں کے ایک ملزم معطل شدہ آئی پی ایس افسر راجکمار پانڈین کی درخواست ضمانت میں ترمیم سے انکار کردیا اور اس مقدمہ پر التواء حاصل کرنے پر پانڈین کی مذمت کی۔ جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس این وی رمنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ’’ایک طرف آپ گجرات روانگی کیلئے احکام ضمانت میں ترمیم چاہتے ہیں دوسری طرف بمبئی ہائیکورٹ میں آپ کی درخواستوں کے سبب اس مقدمہ کی سماعت پر التواء برقرار ہے‘‘۔ پانڈین نے عدالت عظمیٰ میں دائر کردہ اپنی درخواست میں اپیل کی تھی کہ ضمانت میں ممبئی سے باہر نہ جانے کی شرط میں ترمیم کی جائے اور انہیں اپنی علیل ماں کی عیادت کیلئے گجرات کے سفر کی اجازت دی جائے۔ سپریم کورٹ بنچ نے پانڈین کی درخواست کا نوٹ لیتے ہوئے کہا کہ بمبئی ہائیکورٹ میں زیرتصفیہ پانڈین کی درخواستوں پر کسی فیصلہ کے بعد ہی ضمانت میں ترمیم پر غور کیا جائے گا۔ تاہم حکومت میں اس مقدمہ کی سماعت ملتوی کی جاچکی ہے۔ اس عدالت نے گذشتہ ہفتہ پانڈین کو سات دن کے دورہ احمدآباد اور اپنی علیل ماں کی عیادت کی اجازت دی تھی۔ پانڈین پر الزام ہیکہ سہراب اور اس کی بیوی کوثر بی کے گجرات انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی جانب سے حیدرآباد سے اغوا اور گاندھی نگر میں نومبر 2005ء کے دوران فرضی انکاونٹر کے کیس میں وہ بھی ملوث ہے۔ پانڈین کو گذشتہ سال 28 مارچ کو مشروط ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT