Tuesday , October 24 2017
Home / مذہبی صفحہ / پانی اللہ کی عظیم نعمت ہے،پانی بچاؤ زندگی بچاؤ

پانی اللہ کی عظیم نعمت ہے،پانی بچاؤ زندگی بچاؤ

محمد ہاشم قادری مصباحی

اعلان ِ خداوندی ہے:اور ہم نے اُتاراآسمان سے پانی اندازہ کے مطابق پھر اسے زمین میں ٹھہرایااور بے شک ہم اس کے لے جانے پر پوری طرح سے قادر ہیں۔(سورۃ مومنون، آیت ۱۸،کنز الایمان)یہاں ربِ کریم اپنی انمول نعمت پانی کا ذکر فرمارہا ہے کہ ہم ضروریات کے مطابق پانی برساتے ہیں ۔پانی کا اصل ذخیرہ(Stock) آسمان میں ہے۔ رب فرماتا ہے ،ترجمہ:آسمان میں تمہارا رزق ہے جو تمہیں وعدہ دیا جاتاہے۔(سورۃ الذاریات، آیت۲۲)
مسلمانوں کو پوری دنیا میں پانی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ ہمارے دین کا اہم رکن نماز پانی کے بغیر ممکن نہیں۔ وضو، غسل، طہارت و پاکیزگی کا دارو مدار صرف پانی ہی پر ہے۔آپ ﷺ سے دریافت کیا گیا ایسی کون سی شے ہے کہ جس سے انسانوں کو منع نہیں کیا جا سکتا ؟تو آپ ﷺ نے فرمایا : وہ چیز پانی ہے۔ایک مرتبہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ تین چیزیں ایسی ہیں جو سب کے لئے عام ہیں ۔ ایک پانی دوسری گھاس تیسری ہوا۔پانی گندہ کرنا ،خراب کرنا اور ناپاک کرنے کے بارے میں ہمیں آپ ﷺ نے سختی سے منع فرمایا ہے۔ تم میںسے کوئی شخص بہتے ہوئے پانی میں پیشاب و پاخانہ نہ کرے۔ حضور نبی کریم ﷺ خود پانی کا استعمال نہایت کفایت شعاری سے کیا کرتے تھے۔ آپ ایک مرتبہ نہر کے کنارے وضو فر ما رہے ہیں،آپ برتن میں الگ پانی لیتے ہیں اس سے وضو کرتے ہیں او رجو پانی بچ جاتا ہے اس کو دوبارہ نہر میں ڈال دیتے ہیں۔ پانی سے گناہ دھل جاتے ہیں ۔ایک صحابی بارگاہِ رسول میں حاضر ہوئے اور عرض کیا کہ میرے گناہ بہت زیادہ ہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ پیاسوں کو پانی پلاؤ تمہارے گناہ ایسے جھڑ جائیں گے جیسے درختوں سے پتّے۔

TOPPOPULARRECENT