Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / پانی کی ممکنہ حد تک بچت کرنے عوام کو مشورہ

پانی کی ممکنہ حد تک بچت کرنے عوام کو مشورہ

شہر میں پینے کے پانی کی شدید قلت کا اندیشہ : کے ٹی آر
حیدرآباد۔/20 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں پائی جانے والی سنگین خشک سالی صورتحال کے پیش نظر پانی کا احتیاط سے استعمال کرکے پانی کی ممکنہ حد تک بچت کرنے کا عوام کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں شدید گرما کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا خدشہ لاحق ہے۔ لہذا پانی کے استعمال میں ابھی سے احتیاط کرنے پر پانی کی وافر مقدار میں بچت ممکن ہوسکے گی۔ وزیر موصوف نے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ سے متعلق مرتب کردہ 100روزہ پلان کے سلسلہ میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرکے شہر حیدرآباد میں پانی کی سربراہی کا تفصیلی جائزہ لیا اور شہر کے ذخائر آب میں پانی کی گنجائش سے متعلق عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے گوداوری اور دریائے کرشنا میں پائے جانے والے پانی کے ذخیرہ سے گریٹر حیدرآباد کو موسم گرما میں بھی پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ حکومت شہر حیدرآباد میں پانی کی بہرصورت سربراہی کیلئے موثر اقدامات کرے گی۔ شہر حیدرآباد میں مکانات و بڑی عمارتوں کی تعمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ زیر زمین آبی وسائل میں اضافہ کرنے کیلئے بارش کے پانی کو بہہ جانے سے روکنے کی شدید ضرورت ہے اور اس پانی کو بہنے سے روکنے کیلئے مکانات و بڑی عمارتوں کے احاطوں میں بڑے پانی جذب کرنے کے گڑھوں کی کھدوائی ضروری ہے اور اس سلسلہ میں نئے تعمیر کئے جانے والے مکانات و بڑی عمارتوں میں رین واٹر ہارویسٹنگ کے گڑھوں کی کھدوائی کے بغیر مکانات کی تعمیر کیلئے منظوریاں نہ دینے کی متعلقہ عہدیداران بلدیہ کو سخت ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں پائے جانے والے آئی ٹی پارکس، صنعتی علاقوں کے علاوہ پرائیویٹ اور سرکاری دفاتر کے احاطوں میں رین واٹر ہارویسٹنگ کے گڑھوں کی کھدوائی، تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو بھی ہدایات دی۔ علاوہ ازیں اس سلسلہ میں مختلف اداروں و تنظیموں کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

TOPPOPULARRECENT