Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پانی کے تحفظ سے حادثات کی روک تھام کیلئے دو نوجوانوں کا مثالی اقدام

پانی کے تحفظ سے حادثات کی روک تھام کیلئے دو نوجوانوں کا مثالی اقدام

حیدرآباد ۔ /4 جون (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد اور اس کے اطراف و اکناف میں آئے دن حادثات کے بے شمار واقعات پیش آرہے ہیں ۔ جن میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں ۔سڑکوں اور بے ہنگم ٹریفک اور تیز رفتار ڈرائیورنگ کے نتیجہ میں جو حادثات ہورہے ہیں ان میں مرنے والے 99 فیصد نوجوان ہیں یہ تو رہی حادثات کی بات ۔ ماحول اس قدر پرآشوب ہوگیا ہے کہ لوگ پرہجوم مقامات پر جانے سے پہلے کئی مرتبہ سوچ رہے ہیں ۔ ملک کے مختلف مقامات پر پیش آئے بم دھماکوں کو پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس عوام کو مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کررہی ہے کہ لاوارث اشیاء خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں ۔ایسے میں ان چیزوں کو چھوناخطرہ سے خالی نہیں ۔ عوام کو پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے ۔ انہیں پتہ نہیں کو پانی کو ضائع ہونے سے کس طرح بچایا جائے ؟ بہرحال ان مسائل کے بارے میں عوام میں شعور پیدا کرنے کا بیڑا شہر کے دو تعلیمیافتہ نوجوانوں نے اٹھایا ہے ۔ مغلپورہ کے رہنے والے اقبال رضوی اور سن سٹی  کے ساکن محمد رحمت اللہ جنید نے ان عوامی مسائل پر مختصر سی دستاویزی فلمیں اور کلپس تیار کئے ہیںاور ابتدائی مرحلہ کے طور پر تاریخی چارمینار مدینہ بلڈنگ ، خلوت اور شاہ علی بنڈہ جیسے مصروف ترین مقامات پر 8×6 سائز کے ایل ای ڈی نصب کرتے ہوئے ان دستاویزی فلمیں اور ویڈیو کلپس کے ذریعہ شعور بیدار کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ محمد رحمت اللہ جنید اور اقبال رضوی نے بتایا کہ ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے ایس ایس سی اور انٹرکے بعد کیا کریں کے پروگرام میں دکھائے گئے معلوماتی کلپس دیکھ کر ان لوگوں میں مذکورہ مسائل پر شعور بیدار کرنے کا جذبہ پیدا ہوا ہے اور اس جذبہ کی عوام اور دانشور حضرات بھرپور تائید و حمایت کررہے ہیں ۔ محمد رحمت اللہ جنید اور اقبال رضوی کے مطابق سرکاری محکمہ جات اپنی سطح پر کوشش کرتے ہیں لیکن عوامی سطح پر کی جانے والی ان کوششوں کی سرکاری سطح پر بھی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئیے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عوام میں شعور بیداری کا جذبہ لئے اٹھے ان نوجوانوں کی سرکاری سطح پر بالخصوص محکمہ بلدیہ کس طرح حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT