Thursday , April 27 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی دہشت گرد گروپ نے ممبئی حملہ کیا تھا : درانی، ہندوستان کا ردعمل

پاکستانی دہشت گرد گروپ نے ممبئی حملہ کیا تھا : درانی، ہندوستان کا ردعمل

نئی دہلی ۔6 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق قومی سلامتی مشیر محمود علی درانی نے آج کہاکہ 26/11 کا ممبئی دہشت گرد حملہ پاکستان میں موجود ایک دہشت گرد گروپ نے کیا تھا اور انھوں نے اس حملہ کو سرحدپار دہشت گردی کی ایک ’’کلاسیکی مثال‘‘ قرار دیا ۔ تاہم انھوں نے اس کے ساتھ یہ بھی واضح کردیاکہ اس ( حملہ) میں پاکستانی حکومت کا کوئی رول نہیں تھا ۔ درانی یہاں ادارہ برائے دفاعی علوم و تجزیات میں دہشت گردی کی سرکوبی سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انھوں نے کہاکہ 26/11 ممئی حملہ پاکستان میں سرگرم ایک دہشت گرد گروپ نے کیا تھا اور یہ (حملہ) سرحدپار دہشت گردی کی ایک ’’کلاسیکی مثال‘‘ ہے ۔ درانی نے کہا کہ پاکستان نے تجویز پیش کی تھی کہ 26 نومبر کے ممبئی دہشت گرد حملوں کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم روانہ کی جائے ، لیکن اُس وقت کی یو پی اے حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔ دریں اثناء وکیل استغاثہ اُجول نکم نے محمود درانی کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا موقف معروف اور مستقل ہے ۔ ہمارے لئے درانی کے بیان میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے 12 فبروری کو کہا تھا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ پاکستانی آئی ایس آئی ممبئی مہلک حملے کے پس پردہ تھی اور پاکستان کو چاہئے کہ وہ اُس کے خلاف کارروائی کرے ۔ سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے 28 جون 2012 ء کو کہا تھا کہ 2008 ء کے قتل عام میں پاکستان کے سرکاری عناصر بھی شامل تھے ۔ آج مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے درانی کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ سرکاری عناصر کا حوالہ دیتے ہیں تو فی الحال وہ کسی خاص محکمہ پر انگشت نمائی نہیں کررہے ہیں لیکن یہ بھی واضح ہے کہ 26 نومبر کے قتل عام کو سرکاری تائید یا سرکاری عناصر کی تائید حاصل تھی ۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب اُجول نکم نے آج کہاکہ درانی کے بیان کی کوئی اخلاقی قدر و قیمت نہیں ہے ، اس کی صرف اس لئے اہمیت ہے کہ اس نے پاکستان کو ’’بے نقاب ‘‘ کردیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ دو وجوہات سے درانی کا بیان اہمیت رکھتا ہے ، ایک تو یہ کہ اس سے پاکستان مکمل طورپر بے نقاب ہوگیا ہے اور ہندوستان کا یہ موقف کہ پاکستان دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے درست ثابت ہوچکا ہے ۔ نکم نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان اپنی ذمہ داری سے فرار اختیار نہیں کرسکتا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT