Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان تقریب

پاکستانی سفارتخانہ میں یوم پاکستان تقریب

مرکزی وزیر جوادیکر شریک ، حریت قائدین کی مودی حکومت پر سخت تنقید
نئی دہلی ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جاودیکر نے آج یوم پاکستان تقریب میں پاکستانی سفارتخانہ برائے ہند میں شرکت کی جہاں سخت گیر اور اعتدال پسند حریت کانفرنس کے قائدین نے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کیلئے مودی حکومت کے سیاسی رویہ کو ’’بے رحم‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ جاودیکر کے ہمراہ ان کے کابینی ساتھی وی کے سنگھ نے گذشتہ سال شرکت کی تھی جس پر انہیں ذرائع ابلاغ کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جاودیکر 20 منٹ تک تقریب میں موجود رہے بعدازاں علحدہ طور پر پریس کانفرنس میں انہوں نے پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی۔

حریت کانفرنس قائدین میر واعظ عمر فاروق اور سید علی شاہ گیلانی نے مودی حکومت کے رویہ کو بے رحم قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تنقید کی۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہاکہ ہندو پاک بات چیت میں تیسرے فریق حریت قائدین کی شرکت کے بغیر یہ کامیاب نہیں ہوسکتی کیونکہ تمام فریقین کی شرکت کے بغیر مسائل کا حل ناممکن ہے۔ علحدگی پسند قائدین نے انسانیت اور دستور ہند کے دائرہ کار کی پابندی کرتے ہوئے بات چیت کرنے کا تیقن دیا۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہندوستان خود کو جمہوری ملک قرار دیتا ہے لیکن اقلیتوں کے ساتھ بشمول مسلم، سکھ ، دلت کے ساتھ اس کا رویہ کچھ اور تصویر پیش کرتا ہے۔ تشکیل حکومت میں تاخیر کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ پی ڈی پی اور بی جے پی اختلافات ہیں۔ حریت کانفرنس کے دونوں قائدین نے یہی جواب دیا۔

TOPPOPULARRECENT