Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی سفارتکاروں کو ٹی ۔ 20 میچ دیکھنے سفر کی اجازت

پاکستانی سفارتکاروں کو ٹی ۔ 20 میچ دیکھنے سفر کی اجازت

اسلام آباد میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی کے بعد نئی دہلی کے رویہ میں لچک
نئی دہلی ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے چند سفارتکاروں کو ٹی ۔ 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کا میچ دیکھنے کیلئے سفری اجازت دینے سے ہندوستان کے انکار پر پیدا شدہ تلخی و کشیدگی کے دوران نئی دہلی نے اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے رویہ میں لچک پیدا کرتے ہوئے کہا ہیکہ پاکستانی ہائی کمیشن کے 19 عہدیداروں کے سفر کی پہلی ہی اجازت منظور کی جاچکی ہے اور ایسی مزید درخواستوں پر غور کیلئے وہ تیار ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ایک ترجمان وکاس سواروپ کے یہ ریمارکس ایک ایسے وقت منظرعام پر آئے جس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرتے ہوئے دہلی میں موجود پاکستانی سفارتکاروں کو آج اور 19 مارچ کو کھیلے جانے والے میچ دیکھنے کیلئے کولکتہ کے سفر کی اجازت دینے سے انتظار پر احتجاج کیا تھا۔

اس دوران پاکستانی ذرائع کے مطابق پاکستانی خارجہ سکریٹری اعزازاحمد چودھری نے نیپال کے شہر پوکھرہ میں جاری سارک اجلاس میں اپنے ہندوستانی ہم منصب سے ملاقات کے موقع پر اس مسئلہ کو اٹھایا۔ ٹی ۔ 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی میچس دیکھنے کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کے عہدیداروں کو سفری اجازت دینے سے متعلق ایک سوال پر وکاس سواروپ نے کہا کہ پاکستان نے مجوزہ سفر کیلئے باہمی روایات اور عمل کے مطابق درکار تفصیلات فراہم نہیں کیا تھا۔ سواروپ نے مزید کہا کہ ’’گذشتہ کئی دن سے یاد دہانی کے باوجود سفر کے مقاصد اور تفصیلات نہیں بتائی گئیں جس کے باوجود محل و موقع کو ملحوظ رکھتے ہوئے خیرسگالی کے طور پر 19 منظوریاں دی گئیں اور سینئر سطحوں پر پاکستانی وزارت امورخارجہ کو ان منظوریوں سے واقف کروایا گیا۔ ہم نے زور دیا ہیکہ متفقہ شرط کی تکمیل کی جائے تاکہ ماباقی درخواستوں کی منظوریاں بھی عمل میں لائی جاسکے‘‘۔ ہندوستان نے گذشتہ روز سات کے منجملہ پانچ پاکستانی سفارتکاروں کو سفری اجازت نامہ نہیں دیا تھا کیونکہ انہیں آئی ایس آئی اور دفاعی اداروں سے ربط رکھنے والوں کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنس پر سوپر 10 کے گروپ دو میں آج پاکستان کا بنگلہ دیش سے مقابلہ تھا اور 19 مارچ کو اسی مقام پر پاکستان کا آئندہ مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT