Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی شلباری میں 50 طلبہ اسکول میں پھنس گئے

پاکستانی شلباری میں 50 طلبہ اسکول میں پھنس گئے

جموں۔18جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں ضلع راجوڑی کے نوشیراسیکٹر میں پاکستانی فوج کی شدید شلباری اور مورٹار حملوں کے سبب ایک سرکاری ہائی اسکول میں تقریباً 50 بچے پھنس گئے ۔ تاہم حکام نے ایک تحتانوی مدرسہ سے 12 بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ ڈپٹی کمشنر (راجوڑی) شاہد اقبال چودھری نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’نوشیرا کے سحر میں واقع گورنمنٹ ہائی اسکول میں 45 تا 50 بچے پاکستانی شلباری کے سبب پھنس گئے ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ اسکول بلندی پر واقع ہے جس کے سبب انخلاء کا عمل دشوار ہوگیا ہے ۔تاہم پولیس او ر دیگر حکام نے نوشیرا کے کیڈالی میں واقع ایک پرائمری اسکول میں پھنسے ہوئے 12 بچوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ چودھری نے کہا کہ پاکستان کی بلاوقفہ فائرنگ و شلباری کے درمیان ان بچوں کو بلٹ پروف گاڑیوں کے ذریعہ محفوظ مقامات کو منتقل کردیا گیا اور فائرنگ میں کمی کی صورت میں ماباقی بچوں کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا۔

 

مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ویزا سفارش ضروری نہیں:حکومت
نئی دہلی 18جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) حکومت ہند نے پاک مقبوضہ کشمیر (پی او کے ) کے لئے اپنی ویزا پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے وہاں کے شہریوں کو علاج کے لیے حکومت پاکستان کی سفارش کے بغیر ہی ویزا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاک مقبوضہ کشمیر کے ایک 24 سالہ اسامہ علی کو دہلی میں علاج کے لیے ویزا جاری کئے جانے کے فیصلے کی اطلاع دی۔ محترمہ سشما سوراج نے ٹوئیٹر پر کہا کہ پاکس مقبوضہ ا کشمیر ہندوستان کا ’اٹوٹ حصہ‘ہے اور اس لئے اسامہ علی کو پاکستان کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کے سفارش نامہ نہیں ملنے کے باوجود ویزا دیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ “پی او کے ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ پاکستان نے اس پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے ۔ ہم ویزا دے رہے ہیں۔ کوئی سفارشی خط کی ضرورت نہیں ہے “۔میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ راولاکوٹ کے باشندے اسامہ علی کے جگرمیں ٹیومر ہے اور اسے دہلی کے ساکیت میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کرانے کی صلاح دی گئی ہے ۔ اسامہ علی کو ہندوستان آنے میں یہ مشکل پیش آ رہی تھی کہ اسے دیگر پاکستانی شہریوں کی طرح مسٹر سرتاج عزیز کا سفارش نامہ نہیں مل پا رہا تھا۔ عام طور پر حکومت ہند بیمار پاکستانی شہریوں کو علاج کرانے کے لیے ویزا دینے میں سخاوت قلبی کا مظاہرہ کرتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT