Sunday , October 22 2017
Home / ہندوستان / پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے پوچھ تاچھ

پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے پوچھ تاچھ

نئی دہلی 18 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی صحافی مہر تارڑ سے دہلی پولیس نے سنندا پشکر قتل کیس میں پوچھ تاچھ کی گئی ہے ۔ مہر تارڑ کانگریس لیڈر ششی تھرور کی مہلوک شریک حیات سنندا پشکر سے ان کی موت سے چند گھنٹے قبل تک ٹوئیٹر پر تبصروں کا تبادلہ کرتی رہی تھیں۔ ذرائع نے کہا کہ سنندا پشکر سے دہلی کی ایک معروف ہوٹل میں پوچھ تاچھ کی گئی تھی جو ماہ فبروری میں ہوئی ۔ اس مقام کا انتخاب خود مہر تارڑ نے کیا تھا ۔ ان سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ تاچھ کی ہے جو سنندا پشکر کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ اس موقع پر خاتون پولیس عملہ بھی موجود تھا ۔ اس کیس میں تارڑ کو سمن جاری نہیں کیا جاسکا تھا کیونکہ وہ پاکستانی شہری ہیں تاہم انہوں نے کہا تھا کہ وہ اس مسئلہ میں تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہیں اور انہوں نے اس بات سے ایک سینئر عہدیدار کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے واقف بھی کروایا تھا ۔ 51 سالہ سنندا پشکر جنوبی دہلی کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں 17 جنوری 2014 کو اپنے کمرہ میں مردہ پائی گئی تھیں ۔ اس سے ایک دن قبل ٹوئیٹر پر ان کی مہر تارڑ سے بحث ہوئی تھی کیونکہ یہ الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ تارڑ کا ششی تھرور سے معاشقہ چل رہا ہے ۔ ششی تھرور کیرالا میں تھرواننتا پورم سے کانگریس رکن پارلیمنٹ ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مہر تارڑ سے ششی تھرور سے ان کے تعلقات ‘ ان کی شریک حیات سے ٹوئیٹر پر بحث اور دوسرے مسائل پر پوچھ تاچھ کی گئی جو سنندا پشکر کی پر اسرار موت سے متعلق تھے ۔ ذرائع کے بموجب مہر تارڑ نے اب تک بھی ششی تھرور یا ان کی شریک حیات سے شخصی اور قریبی تعلقات کی تردید ہی کی ہے ۔ ذرائع کے بموجب تارڑ سے پوچھ تاچھ دو گھنٹوں سے زیادہ دیر تک ہوئی اور انہیں ایس آئی ٹی کی جانب سے تیار کئے گئے ایک سوالنامے کے جوابات طلب کئے گئے تھے ۔ مہر تارڑ کا صحافی نلینی سنگھ کے بیان میں بھی واضح تذکرہ کیا گیا تھا جو سمجھا جاتا ہے کہ سنندا پشکر سے ان کی موت سے قبل ملاقات کرنے والی آخری فرد تھیں۔ نلینی سنگھ کے بموجب سنندا نے ان سے کہا تھا کہ وہ تھرور اور تارڑ کے مابین ملاقات سے خوش نہیں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT