Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی مشیر سرتاج عزیز کا دورہ ہند‘کرکٹ اہم موضوع

پاکستانی مشیر سرتاج عزیز کا دورہ ہند‘کرکٹ اہم موضوع

کراچی ۔18۔اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز 23اگست کو ہندوستان کا دورہ کررہے ہیں اور وہ ہندوستانی ہم منصب مشیر اجیت دوول سے اہم ترین ملاقات کریں گے اور اس ملاقات میں ان کے ایجنڈے میں ہند۔پاک کرکٹ سیریز کا انعقاد بھی شامل ہے۔ اس ملاقات میں کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم کرنے کے ساتھ ہند۔پاک کرکٹ سیریز پر بھی تبادلۂ خیال کا امکان ہے۔23 اور 24اگست کو نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں کرکٹ سیریز کے مستقبل کا بھی فیصلہ ہوگا۔ پی سی بی کے باوثوق ذرائع کے بموجب اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کرکٹ سیریز کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے حکومت سے رہنمائی لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سرتاج عزیز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہند۔پاک کرکٹ سیریز کے بارے میں بھی اپنے ہم منصب سے بات کریں گے۔ حکومت پاکستان نئی دہلی کی ملاقات میں کنٹرول لائن کی کشیدگی کو ختم کرنے پر ہندوستانی حکومت سے بات چیت کرنا چاہتی ہے۔

تاہم پی سی بی کا خیال ہے کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم ہوتے ہی دونوں ملکوں کی سیریز کے لئے راہ ہموار ہوجائے گی ۔ شہریار خان نے کہا کہ اس وقت گیند ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ہے۔ سرتاج عزیز کے دورہ ہند کے بعد میں فیصلہ کروں گا کہ مجھے ہندوستان کب جانا چاہیے۔ جانا بھی چاہیے یا نہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کے بموجب پاکستان سے حالات بہتر ہونے تک سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ گرداس پور کا واقع پر بی سی سی آئی نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کو برفدان کے حوالے کردیاہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ وہ ہند۔پاک سیریز کے خلاف نہیں ہیں لیکن جب تک حالات کشیدہ ہیں پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی جاسکتی۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان رواں سال دسمبر میں دو ٹسٹ اور پانچ ونڈے مقابلوں پر مشتمل سیریز یو اے ای میں منعقد شدنی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد سے اب تک کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیریز کا انعقاد امن سے مشروط ہے۔ جب امن ہوگا تو کرکٹ بھی ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں امید ہے کہ حالات بہتر ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT