Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم دورۂ ویسٹ انڈیز پر روانہ

پاکستانی ٹیم دورۂ ویسٹ انڈیز پر روانہ

کراچی ۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی کا عزم لئے پاکستانی ٹیم کیریبین سرزمین کیلئے پرواز کر گئی۔ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ونڈے سیریز کو کڑا چیلنج قرار دے دیا ہے ۔ سرفراز احمد نے کہا کہ انہوں نے بھرپور تیاریاں کی ہیں اور گراؤنڈ میں ٹیم بہتر مظاہرہ کرتی ہوئی نظر آئے گی اور مطلوبہ نتائج کے حصول کی کوشش رہے گی،دونوں حریف ٹیموں کو ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہے لہٰذا مقابلہ بھی آسان نہیں ہوگا ۔ دریں اثناء مکی آرتھر نے کہا کہ اہم دورے کیلئے نوجوان کرکٹرز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے  اور دیکھنا ہوگا کہ وہ کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ تینوں طرز کی اپنی اہمیت ہے لیکن عالمی کپ کیلئے ونڈے سیریز کو زیادہ اہمیت دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کیلئے روانگی سے قبل کراچی کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کے دوران  ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ان کیلئے انتہائی سخت چیلنج ہو گا کیونکہ دونوں ہی  ٹیموں کو عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہے لہٰذا مقابلہ بھی آسان نہیں ہوگا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی اپنی سرزمین پر حالات سے واقفیت کے سبب کافی مضبوط حریف ثابت ہوں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 26  مارچ سے دس مئی تک چار ٹی ٹوئنٹی، تین ونڈے اور تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

TOPPOPULARRECENT