Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم میں اُبھرتے آل راؤنڈر محمد نواز کی شمولیت

پاکستانی ٹیم میں اُبھرتے آل راؤنڈر محمد نواز کی شمولیت

لاہور۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ اور ٹونٹی20 ورلڈ کپ  کے لئے پاکستان کے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس میں اوپنر احمد شہزاد کو باہر کا راستہ دکھادیا گیا ہے ۔دریں اثناء  پی ایس ایل میں بہتر کارکردگی دکھانے والے آل راونڈر محمد نواز اور فاسٹ بولر رومان رئیس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ محمد عرفان کی بھی واپسی ہوئی ہے لیکن  دورۂ نیوزی لینڈ پر ناقص کارکردگی دکھانے پر احمد شہزاد کو خارج کردیا گیا۔ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لئے پاکستان کے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان دو دن کی تاخیر کے بعد کیا گیا ہے۔ دونوں ایونٹس کے لئے شاہد آفریدی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ سلیکڑز نے پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے آل راونڈر محمد نواز اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس کو منتخب کرلیا جبکہ  بابر اعظم اور افتخار احمد کو ونڈے میں بہتر مظاہروں کے بعد  ٹوئنٹی20  کرکٹ میں بھی موقع دے دیا گیا۔ نیشنل ونڈے کپ میں دو لگاتار سنچریاں اسکور کرنے والے اوپنر خرم منظور بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ محمد حفیظ ، شعیب ملک ، عمر اکمل ، سرفراز احمد ، وہاب ریاض ، محمد عامر اور عماد وسیم بھی پندرہ رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دورہ نیوزی لینڈ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوپنر احمد شہزاد کے علاوہ  صہیب مقصود ، محمد رضوان‘ عمر گل اور عامر یامین بھی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ۔ ایشیا کپ 24  فروری سے  بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا اورورلڈ کپ کے مقابلے مارچ کے دوسرے ہفتے سے ہندوستان میں منعقد ہونگے۔

TOPPOPULARRECENT