Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم کو بالآخر دورۂ ہند کی اجازت مل گئی

پاکستانی ٹیم کو بالآخر دورۂ ہند کی اجازت مل گئی

دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی معتمد داخلہ سے بات چیت ، کھلاڑیوں کی سکیورٹی کا واضح تیقن
اسلام آباد ۔ 11 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)ورلڈ ٹی ۔ 20 چمپیئن شپ میں پاکستان کے حصہ لینے کے بارے میں جاری غیریقینی بالآخر آج ختم ہوگئی جب میزبان ملک کی طرف سے سکیورٹی کا تیقن دینے کے بعد حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے سفر کی اجازت دیدی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایکزیکٹیو چیرمین نجم سیٹھی نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں سے طویل بات چیت کے بعد کہا کہ حکومت نے پاکستانی ٹیم کے دورۂ ہند کو منظوری دیدی ۔سیٹھی نے کہا کہ ’’یہ ٹیم آج رات دبئی روانہ ہوگی جہاں سے کولکتہ پہونچے گی ‘‘ ۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ’’تمام کرکٹ شائقین کیلئے میرے پاس ایک خوشخبری ہے جس کے وہ ایک طویل عرصہ سے منتظر تھے ۔ وزیر داخلہ نے ٹیم کے دورۂ ہند کو منظوری دیدی ہے ‘‘ ۔ سیٹھی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ہندوستان میں سکیورٹی کی فراہمی سے متعلق حکومت ہند کے ٹھوس تیقن پر نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سے بات چیت کے بعد ہی یہ منظوری دی گئی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پاکستانی ہائی کمشنر نے نئی دہلی میں معتمد داخلہ سے آج بات چیت کی جس میں سکیورٹی انتظامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا ‘‘ ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سواروپ نے ایک بیان میں کہا کہ ’’پاکستان کے ہائی کمشنر نے ہندوستان میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ۔ 20 ٹورنمنٹ کے ضمن میں آج معتمد داخلہ سے بات چیت کی۔ مذاکرات مثبت رہے ‘‘۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’معتمد داخلہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو مطلع کیا کہ ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والے تمام ممالک کے کھلاڑیوں کیلئے تمام ضروری سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ معتمد داخلہ نے اعادہ کیا کہ حسب سابق تمام حصہ لینے والوں کا خاص خیال رکھا جائے گا اور اس مسئلہ پر فکر و تشویش کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کے سفر میں تاخیر کے سبب کل مقررہ سری لنکا کے خلاف اس کا وارم اپ میچ منسوخ کیا گیا ہے لیکن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اتوار کو دوسرا پریکٹس گیم ہوگا ۔

TOPPOPULARRECENT