Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم کو عبدالقادر کا انتباہ

پاکستانی ٹیم کو عبدالقادر کا انتباہ

لاہور۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مہمان ٹیم اپنی کامیابی کے بعد مطمئن ہو کر نہ بیٹھے کیونکہ باقی تینوں ٹسٹ میچوں میں میزبان ٹیم سیریز میں واپسی کر سکتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کامیابی کو ٹیم کی مجموعی کاوش قرار دیتے ہوئے کپتان مصباح الحق، لیگ اسپنر یاسر شاہ، وکٹ کیپر سرفراز احمد، اسد شفیق اور راحت علی کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے جیمز اینڈرسن، آیان مورگن، ای این بیل اور عادل راشد کا انتخاب نہ کر کے بہت بڑی غلطی کی۔ سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں ہندوستان اور سری لنکا کو زیر کرنے کے سبب انگلینڈ کا حوصلہ کافی بلند تھا۔ میرے خیال میں انگلینڈ نے پاکستان کو آسان حریف تصور کرتے ہوئے کمزور ٹیم کا انتخاب کیا اور اس کا نتیجہ ٹسٹ میں میزبان ٹیم کی شکست کی صورت میں برآمد ہوا۔تاہم انہوں نے پاکستانی ٹیم کو خبردار کیا اور کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو مطمئن ہو کر بیٹھنے کی بجائے اگلا میچ مکمل تازہ منصوبہ کے ساتھ کھیلنا چاہئے۔ مصباح نے شاندار سنچری اسکور کر کے اپنے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔ مین آف دی میچ یاسر شاہ نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT