Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ٹیم کی وطن واپسی پر شاندار استقبال

پاکستانی ٹیم کی وطن واپسی پر شاندار استقبال

کراچی۔20 جون(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا جبکہ کپتان سرفراز احمد چیمپیئنز ٹرافی کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں شائقین کرکٹ، گورنر سندھ اور میئر کراچی نے ان کا شاندار استقبال کیا۔کپتان سرفراز احمد کا طیارہ کراچی ایرپورٹ لینڈ کرنے سے قبل ہی ہیروز کے استقبال کی بھرپور تیاریاں مکمل تھیں جبکہ میئر کراچی وسیم اختر، گورنر سندھ محمد زبیر اور صوبائی وزیر کھیل مہر بخش بھی استقبال کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔کپتان کے ہمراہ نوجوان بولر رومان رئیس بھی کراچی پہنچے۔دونوں کھلاڑی لاؤنج سے باہر نکلے تو ایرپورٹ پر استقبال کے لئے موجود کرکٹ شائقین کی جانب سے فلک شگاف نعروں کے درمیان گورنر سندھ اور میئر کراچی نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور انہیں سندھی ٹوپی، اجرک و گلدستے پیش کئے۔اس پرتپاک استقبال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم نے کامیابی حاصل کی، عوام کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے چیمپینزٹرافی کو پوری عوام کے لئے رمضان کا تحفہ قرار دیا۔کرکٹ ہیروز کی آمد کے موقع پر کراچی ایرپورٹ پر سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔اس والہانہ استقبال کا ہاتھ ہلا کر جواب دینے اور شائقین کے ساتھ سیلفیز بنوانے کے بعد کپتان سرفراز احمد اور رومان رئیس اپنے گھروں کی جانب روانہ ہوگئے۔میگا ایونٹ میں ٹیم کو کامیابی سے سرفراز کرنے والے کپتان سرفراز احمد کے گھر کے باہر بھی ان کے بھرپور استقبال کی تیاریاں کی گئیں اور پرجوش شائقین کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔اپنی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے سرفراز احمد نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف گروپ میچ میں شکست کے بعد ساتھیوں نے بہترین واپسی کی اور جس طرح فائنل میں کھیلے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔فاتح کپتان نے مزید کہا کہ شروع میں کھلاڑی دباؤ میں آگئے تھے جس کی وجہ سے ہمیں تھوڑا نقصان ہوا لیکن ٹیم مینجمنٹ کو سہرا دوں گا جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ایونٹ میں نئے ٹیلنٹ کی متاثر کن کارکردگی کے حوالے سے کئے گئے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ سینئرز نے بھی اہم مواقع پر زبردست مظاہرہ کا مظاہرہ کیا تاہم پاکستانی ٹیم بالکل نوجوان ٹیم تھی جس میں 9 کھلاڑی پہلی مرتبہ آئی سی سی کا ایونٹ کھیل رہے تھے اور چار سے پانچ کھلاڑی پہلی مرتبہ ون ڈے ٹیم میں آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ رومان رئیس، شاداب خان، فخر زمان اور حسن علی جیسے نوجوان کھلاڑی بڑے ایونٹس میں اچھا مظاہرہ کررہے ہیں۔ استقبال کے لئے آنے والے شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ، جس طرح عوام نے دعا کی وہ دعائیں ہماری جیت میں کام آئیں، آگے بھی دعا کریں تاکہ ہم اور ٹرافیاں جیتنے میں کامیاب ہوسکیں۔اس سوال پر کہ کیا پاکستان 2019 کے ورلڈ کپ میں بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرے گا، کپتان نے کہا کہ آئندہ ورلڈ کپ میں ابھی ڈیڑھ سال باقی ہے، چیمپیئنز ٹرافی کی یہ فتح بہت بڑی کامیابی ہے جسے ایک دو دن نہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 2019 ورلڈ کپ کی تیاری اْس وقت کریں گے، اس وقت اس کامیابی سے لطف اندوز کررہے ہیں۔اس سے قبل چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح کھلاڑی لاہور ایئر پورٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT