Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی پہلوان بادشاہ خان کھلی سے مقابلے کے خواہاں

پاکستانی پہلوان بادشاہ خان کھلی سے مقابلے کے خواہاں

لاہور۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پہلوان بادشاہ خان ہندوستانی ریسلر کھلی سے مقابلہ کرکے نئی تاریخ رقم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر یہ میچ ہوتا ہے تو 2 ارب سے زائد لوگ اس میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔ بادشاہ خان کے بموجب وہ بچپن سے ہی ریسلنگ کے شوقین تھے۔ اس لئے انہوں نے 11 سال کی عمر میں طے کر لیا تھا کہ وہ پہلے پاکستانی ریسلر بنیں گے۔ بادشاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد ڈبلیو ڈبلیو ای اور نیو جاپان پرو ریسلنگ رنگ میں پاکستانی پرچم لہرائیں گے۔ بادشاہ پہلوان نے اپنے امیچیور ریسلنگ کا آغاز اکتوبر 2010 میں کرتے ہوئے فرانس کی سب سے بڑی ریسلنگ فیڈریشن ریسلنگ اسٹارز سے معاہدہ کیا اور 2012ء میں پرو ریسلر کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور جلد ہی اپنی شاندارکارکردگی سے لاکھوں ریسلنگ شائقین کے دل جیت لئے۔ بادشاہ خان فرانس کے علاوہ اسپین، بیلجیم، کوسٹا ریکا میں بڑے ریسلرز سے مقابلے کر کے خود کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے لئے تیار کر چکے ہیں۔ بادشاہ پہلوان خان نے فرانس کی ریسلنگ رنگ میں کئی سال تک میکسیکین انداز کی ریسلنگ کے گر سیکھے ہیں۔ انہوں نے سوئی سائیڈ ڈائیو، ٹاپ روپ سپلیش اور ٹائیگر بومب جیسے گرسیکھ کر اب ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ( ڈبلیو ڈبلیو ای) میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بادشاہ خان کا تعلق پاکستان کے شہر واہ کینٹ سے ہے۔

TOPPOPULARRECENT