Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی کرکٹرز کیلئے کوہلی بہترین مثال : ڈین جونز

پاکستانی کرکٹرز کیلئے کوہلی بہترین مثال : ڈین جونز

لندن ، 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق آسٹریلیائی بیٹسمن ڈین جونز نے پاکستانی کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ اگر وہ اپنے ملک کیلئے مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں تو ہندوستانی کرکٹر ویراٹ کوہلی کی مثال سامنے رکھتے ہوئے اُن کی تقلید کریں۔ 2008ء میں ہندوستان کیلئے انٹرنیشنل کریئر شروع کرنے کے بعد سے کوہلی اپنی ٹیم کے سب سے مایہ ناز بلے باز رہے ہیں اور متعدد مواقع پر اپنی ٹیم کیلئے میچ وننگ اننگز کھیل چکے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز دنیا کے سب سے فٹ کھلاڑیوں میں شمار کئے جاتے ہیں جہاں اُن کا موازنہ عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار نواک جوکویچ جیسے کھلاڑیوں سے کیا جاتا ہے۔ پاکستان سوپر لیگ کی چمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کوچ ڈین جونز نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق جیسے کھلاڑیوں کو کوہلی کے مقام تک پہنچنے کی ضرورت ہے۔ ’’ویراٹ کوہلی کی مثال لیں، وہ 150 کلو گرام کا وزن اٹھاتا ہے اور اس کے جسم میں چربی آٹھ فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی جسامت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے ۔‘‘ اسلام آباد یونائٹیڈ نے ڈین جونز کی کوچنگ میں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT