Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستانی ہیڈکوچ کیلئے مکی آرتھر کا تقرر، غلط فیصلہ نہیں

پاکستانی ہیڈکوچ کیلئے مکی آرتھر کا تقرر، غلط فیصلہ نہیں

جنوبی آفریقہ کے مایہ ناز کرکٹر ، پاکستانی کھلاڑیوں سے بخوبی واقف : شہریار خاں
کراچی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خاں نے اس رائے کو مسترد کردیا کہ انہوں نے جنوبی آفریقہ کے مکی آرتھر کو اپنی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرتے ہوئے کوئی غلطی کی ہے۔ آرتھر نے چند سال قبل پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف میچ فکسنگ کے الزامات عائد کیا تھا۔ شہریار خاں نے روزنامہ ایکسپریس سے کہا کہ ’’مکی آرتھر چند سال دیئے گئے اپنے اس بیان کی ہم سے پہلے ہی وضاحت کرچکے ہیں چنانچہ اب یہ مسئلہ باقی نہیں رہا۔ سوپر لیگ میں وہ (آرتھر) کراچی کنگس کے کوچ بھی تھے، وہ ہمارے کھلاڑیوں کو بخوبی جانتے ہیں۔ انہیں اپنی ذمہ داریوں کو کامیابی کے ساتھ پورا کرنا چاہئے‘‘۔ نومبر 2009ء میں پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تین صفحات پر مشتمل قانونی نوٹس پر آرتھر اپنی وضاحت پیش کرچکے تھے۔ انہوں نے اپنی سوانح حیات میں لکھا تھا کہ 2007ء کے دوران لاہور میں پاکستان اور جنوبی آفریقہ کے درمیان کھیلے گئے ایک ونڈے انٹرنیشنل میچ میں انہیں میچ فکسنگ کا شبہ ہے۔ اس وقت وہ پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی آفریقی ٹیم کے کوچ تھے، تاہم بعد میں انہوں نے 2007ء کے ونڈے انٹرنیشنل میچ میں کسی میچ فکسنگ کی تردید کی تھی

اور کہا تھا کہ ان کے تبصروں کا غلط مفہوم اخذ کیا گیا ہے۔ آرتھر نے 2009ء میں بھی ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اس کہانی کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ میرے تبصروں کا غلط مفہوم لیا گیا تھا۔ میں بھی کسی کے خلاف کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کا الزام عائد نہیں کیا تھا۔ شہریار نے کہا کہ آرتھر، برصغیر میں فرائض انجام دے چکے ہیں، انہیں پاکستانی کرکٹ کو بہتر بنانا ہوگا۔ پی سی بی کے سربراہ نے کہا کہ ’’ماضی اب قصۂ پارینہ ہوچکا ہے اور اب ہم اچھے نتائج کی اُمید کرتے ہیں۔ آرتھر نے چند سال قبل جو کچھ بھی کہا تھا، اب وہ کوئی مسئلہ یا موضوع نہیں رہا ہے‘‘۔ شہریار نے توثیق کی کہ سابق ٹسٹ کپتان انتخاب عالم رواں موسم گرما کے دوران انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے مینیجر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2010ء کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ اس ملک کا یہ اہم دورہ کررہی ہے۔ انہوں نے یہ توثیق بھی کی کہ پاکستانی قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن انگلینڈ کے دورہ میں بھی شامل رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT