Thursday , September 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ سے باہر، آج پہلا سیمی فائنل

پاکستان انڈر19 ورلڈ کپ سے باہر، آج پہلا سیمی فائنل

فتح اللہ ، 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عمیر مسعود کی شاندار سنچری کے باوجود ویسٹ انڈیز نے انڈر19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو بہ آسانی پانچ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے کواٹر فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو تباہ کن ثابت ہوا اور پاکستانی ٹیم صرف 57 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔ اس موقع پر عمیر اور سلمان فیاض نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 168 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے پاکستان کے نسبتاً بہتر اسکور 227 کو یقینی بنایا۔ عمیر نے 15 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ سلمان 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تاہم ویسٹ انڈیز نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنا کر پاکستان کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع فراہم نہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ٹیون املاک کے 54 اور شمرون ہٹمیر کی جارحانہ 52 رنز کی اننگز کی بدولت ٹارگٹ 40 اوورز میں حاصل کر کے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان کو شکست کے باوجود عمیر کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلس کیلئے ویسٹ انڈیز کے علاوہ جن ٹیموں نے کوالیفائی کیا ، ان میں بنگلہ دیش، ہندوستان اور سری لنکا شامل ہیں۔ سیمی فائنلس میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا نیز ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

TOPPOPULARRECENT